منہاج القرآن کا 4 دہائیوں کا سفر علم، امن اور اعتدال کے فروغ پر مشتمل ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا منہاج القرآن کے 41 ویں یوم
تاسیس پر پیغام
نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے مثالی ادارے قائم کئے گئے:قائد منہاج القرآن
لاہور (16 اکتوبر 2021) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے 41 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور نعلین پاک کے تصدق سے خدمت دین اور خدمت انسانیت کے باب میں تحریک منہاج القرآن نے چار دہائیوں کے مختصر عرصہ میں بہت سارے سنگ میل عبور کئے ہیں۔ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مثالی ادارے قائم کئے جن سے مستفید ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
تحریک منہاج القرآن نے انتہا پسندی، متشدد رویوں اور تکفیری فکر کے خلاف انتھک علمی، فکری، تربیتی جدوجہد کی ہے۔ امت کے اتحاد کیلئے تحریک منہاج القرآن کی عملی خدمات اور مساعی چار دہائیوں کے سفر کا قابل رشک باب ہے۔ بین المذاہب رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے دن رات جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقائد صحیحہ کی ترویج و اشاعت اور آئندہ نسلوں کے ایمان اور عقائد کی حفاظت کیلئے تحریک منہاج القرآن نے مقدور بھر وسائل کے ساتھ جو خدمات انجام دی ہیں اس کے ثمرات دنیا بھر میں محسوس کئے جا رہے ہیں اس پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہاکہ میں تحریک منہاج القرآن کے 41 ویں یوم تاسیس کے تاریخی موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے کارکنان، وابستگان ذمہ داران، رفقائے کار اور اس مصطفوی مشن کے ساتھ دامے درمے سخنے شریک رہنے والے احباب کو دل و جان سے مبارک باد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ خدمت دین کے حوالے سے ہماری عاجزانہ مساعی کو قبول و منظور فرمائے۔
تبصرہ