منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام عالمی میلاد کانفرنس، ہزاروں افراد کی شرکت
16جلدوں پر مشتمل عربی زبان میں تفسیرِ قرآن کا کام مکمل ہو گیا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
قائد تحریک منہاج القرآن علالت کے باعث خطاب نہ کر سکے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کیا
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے سیرت النبی ﷺ بیان کی: چیئرمین سپریم کونسل کا میلاد کانفرنس سے خطاب
مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید شمس الرحمن مشہدی، سید جواد حیدر نقوی نے بھی خطاب کیا
لاہور (20 اکتوبر 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ 38 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال قبل تفسیرِ قرآن کے کام کا آغاز کیا تھا۔ الحمدللہ 12 ربیع الاول کے مبارک دن یہ کام مکمل ہو گیا۔ تفسیر قرآن کا یہ کام عربی زبان میں ہے اور 16 جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 5 جلدوں پر تفسیر کا ملخص بھی تیار کر لیا ہے بہت جلد اس کے اردو اور انگریزی تراجم بھی تیار ہو جائیں گے۔ اس اعلان پر ہزاروں شرکاء نے کھڑے ہو کر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مزید کہا کہ منہاج القرآن خدمتِ دین و قرآن کی تحریک ہے۔ میرے ذمے ایک قرض تھا جسے ادا کرنے کی اللہ نے توفیق بخشی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہونے والے علمائے کرام مولانا عبدالخبیر آزاد، سید جواد حسین نقوی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مفتی محمد اقبال چشتی، پیر سید شمس الرحمن مشہدی، پیر سید ماجد محبوب گیلانی، سید یاسر حسین گیلانی، صفدر علی محسن کو مبارکباد دی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علالت کے باعث عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب نہ کر سکے اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ صدر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی مہمانوں اور شرکائے عالمی میلاد کانفرنس کو خوش آمدید کہا۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجیدمیں اللہ تعالیٰ نے خود سیرت النبی ﷺ بیان کی ہے۔ آپ ﷺکے پیکرِ جمال، اخلاق اور معاملات سے متعلق آیات نازل ہوئیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت و صورت کا حسین تذکرہ کرنا حکم خداوندی اور سنتِ باری تعالیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمت لوگ پیکر جمال ﷺ کے تذکرے والی حسین محافل اور مبارک صحبتوں میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہزاروں شرکائے عالمی میلاد کانفرنس اور علمائے کرام کو خوش آمدید کہا۔
عالمی شہرت یافتہ نعت خوانین ظہیر بلالی برادران، شہزاد برادران، الحاج شہباز قمر فریدی، الحاج محمد افضل نوشاہی، حمزہ نوشاہی، حافظ خرم شہزاد مدنی و برادران نے کلام پیش کیا جبکہ قاری شفیق نعیمی، قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری سید خالد حمید کاظمی نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں منہاج الدین قادری، صفدر علی محسن نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔
عالمی میلاد کانفرنس سے مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید شمس الرحمن مشہدی، سید جواد حیدر نقوی، مفتی محمد اقبال چشتی، علامہ میر محمد آصف اکبر، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، انیلاالیاس ڈوگر نے اظہار خیال کیا۔
ڈائریکٹر ایف ایم آر آئی محمد فاروق رانا نے شیخ الاسلام کی نئی کتب کا تعارف پیش کیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے شرکائے عالمی میلاد کانفرنس اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
میاں مظہر خان گوندل نے عربی کلام پیش کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینار پاکستان پر مثالی انتظامات کرنے پر صدر لاہور رانا نفیس حسین قادری، ان کی پوری ٹیم اور سیکرٹری میلاد کمیٹی جواد حامد اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
تبصرہ