منہاج القرآن کی جنوبی افریقی شہر مٹاٹا میں سالانہ محفلِ میلاد النبی ﷺ

منہاج القرآن انٹرنیشنل ایسٹرن کیپ نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے تعاون سے 23 اکتوبر 2021ء کو سوک سنٹر مٹاٹا میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا۔ محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن جنوبی افریقہ کے امیر مولانا قاری سید رفیق علی شاہ نے کہا کہ امت مسلمہ کی بقاء رسول اللہ ﷺ کی سیرت پر عمل سے ممکن ہے۔ محفل میں جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ کے ممبر چیف مانڈلا منڈیلا ، پاکستانی ہائی کمیشن جنوبی افریقہ کے کونسلر سید ارغام رضا اور اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن جنوبی افریقہ کے صدر ڈاکٹر ابراہیم خان تھے۔ محفلِ میلاد میں منہاج القرآن جنوبی افریقہ کے عہدیداران و کارکنان سمیت مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں محفلِ کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد مختلف ثناء خوانوں نے بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور علامہ محمد لطیف چشتی نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ قاری سید رفیق علی شاہ کا کہنا تھا کہ میلاد مصطفٰی ﷺ منانے کا یہی مقصد ہے کہ حضورؐ کی سیرت بیان کر کے امت کو حضور کی سیرت پر چلنے کی دعوت دی جائے تا کہ امت مسلمہ حضور کی سیرت پر چلتے ہوئے دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کی جائے۔ حضور ﷺ کی سیرت بیان کرنے سے دلوں میں حضور کی محبت بڑھتی ہے، ہم حضور کی تشریف آوری پر رب تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے حضور کی صورت میں ہمیں راہِ نجات دلایا۔ جس محفل میں حضور کی سیرت بیان ہو اس محفل پر اللہ کے فرشتے رحمت برساتے ہیں۔

محفلِ اختتام پر امتِ مسلمہ کی خیر و برکت کے لیے دعا کی گئی اور شرکاء کو ضیافت پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top