پورٹ لیش میں محفل درود و سلام کا انعقاد

milad ul nabi

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام پورٹ لیش کی الرحمنٰ مسجد میں درود و سلام و نعت کی روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین کے علاوہ ڈبلن، لمرک، کارک، کارلو اور پورٹ لیش کے عشاقان مصطفیؐ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ روحانی محفل کے مہمان خصوصی برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے منہاج القرآن کے نوجوان سکالر علامہ حسن شیر انعمانی تھے۔

مقررین میں علامہ محمد عدیل، ڈاکٹر سہیل رسول اور پیر غلام دستگیر نے درود و سلام کے موضوع پر خطابات کیے جب کہ اس محفل کے مہمان خصوصی علامہ حافظ حسن شیر انعمانی نے قرآن و سنت کی روشنی میں درود و سلام کی اہمیت اور نسبت رسولؐ پر نہایت ایمان افروز اور مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے درود و سلام کی ابتدا خود کی اور پھر ملائکہ کو بھی اس بے مثال کام میں شامل فرما لیا۔ حضور نبی اکرمؐ پر اللہ تعالی اور اس کے ملائکہ کا درود بھیجنا آپؐ کے خصائص میں سے ہے آپ کا یہ شرف دائمی اور ابدی ہے۔ درود پاک واحد عمل ہے جو اللہ تعالی کی بارگاہ میں قطعی القبول ہے۔ انہوں نے ذکر رسولؐ اور نسبت رسولؐ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کا مرکز و محور آقاؐ کی ذات مبارکہ ہے محبت رسولؐ ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر رسولؐ کے بغیر ممکن نہیں اور حضورؐ کی اتباء دراصل اللہ ہی کی اتباء ہے آج اگر مسلمان حضورؐ کی غلامی کا پٹہ پھر سے اپنے گلے میں ڈال لیں تو ہم پھر سے اپنی عظمت رفتہ کا وقار حاصل کر سکتے ہیں پوری دنیا میں مسلمانوں کو عشق رسولؐ اپنے دلوں میں بسانا چاہیے۔

محفل کا آغاز حافظ حسن نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، جس کے بعد حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں ڈاکٹر گلزار، جنید خالد، ڈاکٹر سہیل رسول اور امین میمن نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نعت خواں حضرات نے اپنی خوبصورت آواز میں توصیف مصطفیؐ پیش کی۔ نقابت کے فرائض محی الدین نے ادا کیے۔

آخر میں ڈاکٹر سہیل رسول نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام حاضرین اور بالخصوص مقررین اور علامہ حافظ حسن شیر انعمانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے نہایت خوبصورت اور ایمان افروز خطاب نے ہمارے قلب و روح کے لیے ایمان کی تازگی کا سامان کیا ہے۔

آخر میں تمام عشاقان مصطفی نے کھڑے ہو کر حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر تمام امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی و کامیابی اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس محفل کے انتظام و انصرام میں تحریک منہاج القرآن کے رفقاء کے علاوہ پورٹ لیش کی اہم شخصیات جن میں رانا احتشام، آصف عزیز، علی شیراز، عمران شیراز، شہزاد حسین، محمد وسیم، محمد کاشف، راشد لطیف، نوید خرم اور محمد اسلام اور دیگر شامل تھے۔

milad ul nabi

milad ul nabi

milad ul nabi

milad ul nabi

milad ul nabi

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top