منہاج یونیورسٹی لاہور میں حسان بن ثابت ؓ نعت ریسرچ سنٹر کا قیام، 4 نومبر کو افتتاح ہو گا

Hassan bin Thabit Naat Research Centre established at Minhaj University Lahore

منہاج یونیورسٹی لاہور میں حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب 4 نومبر بروز (جمعرات) دن ساڑھے دس بجے منہاج یونیورسٹی لاہور میں ہو گی۔ منہاج یونیورسٹی لاہور اسلامی دنیا کی پہلی یونیورسٹی ہے جسے نعت ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ حسان بن ثابت ؓ نعت ریسرچ سنٹر کا قیام قائد تحریک منہاج القرآن اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے۔ حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کا باضابطہ افتتاح چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کریں گے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کا قیام منہاج یونیورسٹی لاہور کی فیکلٹی آف لینگوئجز کے زیراہتمام عمل میں لایا گیا ہے اور اس نعت ریسرچ سنٹر کے تحت ”حسان چیئر“بھی قائم کی گئی ہے جو ایک سال یا اس سے زائد مدت کے لئے کسی بھی معروف نعت گو/نعت خوان یا نعت کے کسی اہم محقق کو اس کی خدمات کے اعتراف میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریسرچ سنٹر میں اردو، عربی، فارسی، انگریزی اور قومی و مقامی زبانوں میں نعت رسول مقبول ﷺ پر ہونے والی تحقیقات اور کتب کا ذخیرہ جمع کیا جائے گا جہاں نعت شریف کے موضوع پر تحقیق کرنے والے سکالرز کو نادر مواد فراہم ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نعت ریسرچ سنٹر کا قیام منظوم سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے ایک منفرد اقدام اور خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ نعت شریف کے ضمن میں ہونے والی تحقیق کے دائرہ کار کو بتدریج ڈپلومہ، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح کے ڈگری پروگرام تک بڑھائیں گے۔ فنِ نعت گوئی کے ضمن میں منہاج یونیورسٹی لاہور ملکی و بین الاقوامی کانفرنسز کا اہتمام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعت ریسرچ سنٹر کو حضرت حسان بن ثابت ؓ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ مسجد نبوی میں حضرت حسان بن ثابت ؓ کو ممبر پر بٹھا کر ان سے نعتیہ اشعار سماعت فرمایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت حسان بن ثابت ؓ ہر عہد کے نعت گو شعراء کے لئے مرشد معنوی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی عظمت کا اعتراف ہمیشہ کیا جاتا رہے گا۔ افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوان، محققین، صحافی، دانشور شریک ہوں گے۔

Hassan bin Thabit Naat Research Centre established at Minhaj University Lahore

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top