”مسلم مسیحی تعلقات کا فروغ“ سیمینار 8 نومبر کو کیتھولک چرچ میں ہو گا

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء خصوصی شرکت کریں گے
پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر قیام امن کیلئے مسلم مسیحی برادری میں ہم آہنگی کی ضرورت ہے: سہیل احمد رضا
انٹر فیتھ ریلیشنزمنہاج القرآن اور کل مسالک علماء بورڈ کے تعاون سے سیمینار ریگل چوک لاہور میں ہو گا
آرچ بشپ سیبیسٹین فرانسس شاء، بشپ آزاد ماشل ماڈیریٹر بشپ عرفان جمیل، ریورنڈ مجید ایبل، سید جواد نقوی علامہ عبدالوہاب روپڑی، علامہ محمد عاصم مخدوم شریک ہونگے

لاہور (6 نومبر 2021) کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کیتھولک چرچ آف پاکستان انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل اور کل مسا لک علماء بورڈ کے تعاون سے ”مسلم مسیحی تعلقات کا فروغ“ کے عنوان سے سیمینار 8 نومبر 2021 (سوموار) کو سینٹ انتھنی ہال، سیکرڈ ہارٹ کتھیڈرل کیتھولک چرچ ریگل چوک لاہور میں منعقد ہو گا۔ سیمینار کی صدارت چیئرمین کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ، بشپ آف آرچ ڈائسز آف لاہور کیتھولک چرچ آف پاکستان آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء کریں گے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سیمینار میں خصوصی شرکت و خطاب کریں گے۔ سیمینار میں مسلم ومسیحی اسکالرز شر کت کریں گے۔

سیمینار کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے کہا کہ پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر قیام امن کیلئے مسلم مسیحی برادری میں ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ 8 نومبر کو ہونیوالا سیمینار بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تحریک منہاج القرآن اور اسکی قیادت نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی و بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام مذہبی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے اور دور حاضر کی ضرورت ہے کہ مسلم اور مسیحی برادری مل کر بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں۔

سیمینار میں کیتھولک کے علاوہ پروٹسٹنٹ مسیحی اسکالرز بشپ آف رائیونڈ ڈائسز وماڈیریٹر چرچ آف پاکستان بشپ آزاد مارشل، کتھیڈرل اینگلیکنز چرچ آف ریزورکشن بشپ آف لاہور بشپ عرفان جمیل، ماڈیریٹر پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان ڈاکٹر ریورنڈ مجید ایبل سمیت رہنما شرکت کریں گے۔ سربراہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی، مرکزی رہنما جمعیت اہل حدیث پاکستان علامہ عبدالوہاب روپڑی، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ، علامہ محمد عاصم مخدوم سمیت دیگر مذہبی، علمی، سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top