حسان بن ثابت ؓ نعت ریسرچ سنٹر کے قیام پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی مبارکباد

سیرت النبی ﷺ کے منظوم اظہار و بیان کی تاریخ 14 سو سال پر پھیلی ہوئی ہے
آج کم و بیش دنیا کی ہر زبان میں نعت کہی جا رہی ہے: قائد تحریک منہاج القرآن
نعت ریسرچ سنٹر قائم کرنے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کی ایڈمنسٹریشن مبارکباد کی مستحق ہے

Research-Centre

لاہور (6 نومبر 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں حسان بن ثابت ؓ نعت ریسرچ سنٹر کے قیام پر مسرت و اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعت گوئی اور نعت خوانی ہماری عظیم مسلم تہذیبی روایات کے ماتھے کا درخشاں جھومر ہے۔ سیرت النبی ﷺ کے منظوم بیان و اظہار کی تاریخ 14 سوسال پر پھیلی ہوئی ہے۔ محققین اس بات پر متفق ہیں کہ آپ ﷺ کی مبارک ولادت پر اولین توصیفی و تشکرانہ کلمات آپ ﷺ کیلئے آپکی والدہ ماجدہ حضرت بی بی سیدہ آمنہؓ نے ادا فرمائے اور پھر اس سلسلے کو عظیم المرتبت صحابی رسول حضرت حسان بن ثابتؓ بام عروج تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی سطح پر نعت ریسرچ سنٹر کا قیام اپنی نوعیت کا ایک منفرد، قابل رشک اورقابل تقلید اقدام ہے۔ نعت ریسرچ سنٹر قائم کر کے منہاج یونیورسٹی لاہور نے اپنی دینی و ملی ذمہ داری کو پورا کیا ہے جس پر میں منہاج یونیورسٹی لاہور کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم فریضہ کی انجام دہی پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد کو بھی اپنے دیرینہ خواب کو تعبیر ملنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شمائل و خصائل مبارکہ کے منظوم اظہار کی سعادت ہر کس و ناکس کو میسر نہیں آتی۔ آپ ﷺ کیلئے خاص محبت و مودت کی قلبی کیفیات کے حامل سخن شناسوں کو فن نعت گوئی ودیعت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان شاء اللہ تعالیٰ نعت کے ضمن میں ہر دور کے علمی و ادبی اثاثوں کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنانے اور اس سعادت کو آگے بڑھانے کیلئے نعت ریسرچ سنٹر سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ نعتیہ شاعری کی روایت عربی ادب سے پڑی، پھر فارسی سے ہوتے ہوئے اردو زبان کے دامن کو زبان وبیان کی رفعتوں سے روشناس کرتی چلی جا رہی ہے۔ آج کم و بیش دنیا کی ہر زبان میں نعت کہی جا رہی ہے، اس باب میں انگریزی اور ہندی زبان بھی پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کے ذریعے سیر ت النبی ﷺ کے حوالے سے ثناخوان مصطفیﷺ کی علمی و ادبی کاوشوں کو یکجا کرنے میں مدد ملے گی۔ میری دعا ہے کہ اس ریسرچ سنٹر کی تحقیقی کاوشوں کے نتیجے میں فن نعت گوئی کا شعبہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری تک پھیلے اور عشاقان مصطفی ﷺ تحقیق و تالیفات کے ذریعے حضور نبی اکرم ﷺ کے ساتھ اپنی محبت و مودت کے رشتے کو مستحکم بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top