منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ مجلس ختم صلوۃ النبی ﷺ کی روحانی محفل کا انعقاد

تقریب میں منہاج انٹرنیٹ بیورو نے گوشہ درود کی موبائل ایپلی کیشن کا تعارف پیش کیا
درود سلام لازوال دولت ہے جسے مل جائے اس کے دین و دنیا سنور جاتے ہیں: علامہ رانا محمد ادریس
حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ سے والہانہ عقیدت و محبت جزو ایمان ہے: نائب ناظم اعلیٰ
منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری نے ملک و ملت کی خیر و سلامتی کے لئے دعا کی

gosha e durood

لاہور (15 نومبر 2021) گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم صلوۃ النبی ﷺ کی روحانی محفل کا انعقاد تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ 20 ارب سے زائددر و د پاک حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ مقدسہ میں ہدیہ کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد معروف ثناء خواں مصطفی ﷺ عبیداللہ چشتی، زین العابدین وٹو، سید علی حسنین شاہ، حافظ عقیل احمد قادری و دیگر نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

تقریب میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کی جانب سے محمد ثناء اللہ طاہر نے گوشۂ درود کی موبائل ایپلی کیشن کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو نے گوشۂ درود کی موبائل ایپلیکیشن جاری کردی ہے جس سے صارف انفرادی اور اجتماعی طور پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے حلقہ درود میں پڑھے گئے درود پاک اور تلاوت قرآن مجید کو مرکزی گوشۂ درود میں آن لائن جمع کروا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ایپ میں اسماء الحسنٰی، اسماء النبی ﷺ، نماز کے مسائل، حج و عمرہ کے احکامات، فضائل درود پاک اور الفیوضات المحمدیۃ ﷺ کے فیچر بھی شامل ہیں۔

روحانی محفل میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس، سید مشرف علی شاہ نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، پروفیسر سلیم احمد چوہدری، منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری، سہیل احمد رضا، علامہ غلام مرتضی علویٰ، عبدالستار منہاجین، علامہ منہاج الدین، علامہ حسن جماعتی، احمد وحید، طیب ضیاء، قاری ریاست علی، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل و دیگر مرکزی صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب میں مرکزی گوشہ درود کے منتظمین نظامت دعوت، نظامت تربیت، تحریک منہاج القرآن لاہور کے ضلعی رہنماؤں و کارکنان نے بھی بڑی تعدادشرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ درود سلام اللہ تعالیٰ کی ان بابرکت نعمتوں میں سے ہے جو اپنے دامن میں بے پناہ فیوض و برکات سمیٹے ہوئے ہیں۔ یہ ایسی لازوال دولت ہے کہ جسے مل جائے اس کے دین اور دنیا سنور جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درود سلام قرب مصطفی ﷺ کا ذریعہ ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ سے والہانہ عقیدت و محبت جزو ایمان ہے۔ درود سلام پڑھنا محبت رسول ﷺ کی دلیل ہے۔

روحانی محفل کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری نے ملک و ملت کی خیر و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top