آغوش آرفن کیئر ہوم میں رابعہ خادم کی تقریب رخصتی

aghosh

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فلاحی ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم میں 8 سال سے زیر تعلیم و رہائش پذیر رابعہ خادم کی گزشتہ روز تقریب رخصتی منعقد ہوئی۔ رابعہ خادم کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر و چیئرمین آغوش کمپلیکس ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، فضہ حسین قادری، نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے ویمن امپاورمنٹ تنزیلہ عمران، سماجی رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی صاحبزادی جہاں آراء وٹو، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال، منیجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل فیصل مشہدی، سید امجد علی شاہ، نوراللہ صدیقی، منہاج ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت نے یتیم بیٹی رابعہ خادم کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔

ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رابعہ خادم 7 ویں جماعت میں آغوش آرفن کیئر ہوم میں داخل ہوئی تھیں، ان کے والدین اس دنیا میں نہیں ہیں، رابعہ خادم نے میٹرک اور انٹر فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا اور اب منہاج یونیورسٹی لاہور میں بی ایس اکاؤنٹس اینڈ فنانس کی ہونہار طالبہ ہے اور آج ہم سب اپنی بیٹی کی طرح ان کی رخصتی کی تقریب میں شریک ہیں۔

انہوں نے بتایا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات تھیں کہ رابعہ خادم ہماری بیٹی ہے اس کی رخصتی کی تقریب میں منہاج القرآن کی قیادت شریک ہو اور مثالی انتظامات بروئے کار لائے جائیں۔ الحمدللہ ہم آج سرخرو ہوئے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ یتیموں سے پیار کرنا حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک سنت ہے اور یہ عمل اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو راضی کرنے کا نسخہ کیمیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد لاہور میں ایک ویلفیئر سٹی قائم کیا جائے گا جہاں مستحقین کو مکمل تعلیمی، تربیتی رہائشی سہولیات میسر ہوں گی۔

وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے ویمن امپاورمنٹ تنزیلہ عمران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بڑے اخلاص کے ساتھ ریاست مدینہ کے ماڈل کی بات کرتے ہیں میں یہ پورے وثوق سے کہہ سکتی ہوں کہ منہاج القرآن کے ادارے ریاست مدینہ کا عملی ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ منہاج القرآن کا ویلفیئر سٹی جلد سے جلد مکمل ہو۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی صاحبزادی جہاں آراء وٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ جس سے راضی ہوتا ہے اس کے دل میں یتیموں کی محبت ڈال دیتا ہے۔ آج ایک یتیم بچی کی رخصتی کی۔ تقریب میں شریک ہو کر میں بہت راحت محسوس کررہی ہوں اور میری شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کے فلاحی ادارے آغوش کمپلیکس کے لئے ڈھیروں دعائیں ہیں۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو بیٹی آغوش آرفن کیئرہوم میں آجاتی ہے پھر اس کے سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بن جاتے ہیں اور وہ یتیم نہیں رہتی۔ آغوش آرفن کیئر ہوم یتیم بیٹیوں کا ماں باپ، وارث اور سرپرست ادارہ ہے۔ یہاں مقیم ہونے والی ہر بیٹی کو عزت و احترام کے ساتھ یہاں سے رخصت کیا جائے گا، آغوش کمپلیکس ہر بیٹی کا ہمیشہ کے لئے گھر ہے۔

رابعہ خادم کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے لاکھوں روپے کا گھریلو سامان دیا گیا اور آغوش آرفن کیئر ہوم ایڈمنسٹریشن کی طرف سے شرکائے تقریب کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں جوزف حیات، آغوش گرائمر ہائی سکینڈری سکول کے پرنسپل عمران ظفر بٹ، وائس پرنسپل میڈم رومانہ مبشر، کرنل (ر) محمد احمد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، عائشہ مبشر، عمارہ مقصود، رافعہ عروج نے رابعہ خادم کی رخصتی کی تقریب میں شرکت کی۔

aghosh

aghosh

aghosh

aghosh

aghosh

aghosh

aghosh

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top