آفات سے نجات کیلئے امت اعمال درست کرے: علامہ رانا محمد ادریس

کورونا وائرس کی چوتھی لہر نے خوف پھیلا دیا مگر محاسبے کیلئے کوئی تیار نہیں: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نماز جمعہ جامع شیخ الاسلام میں ادا کی
وبائی امراض سے نجات اور قومی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی

Rana Muhammad Idrees address Jummah Gathering

لاہور (3 دسمبر 2021) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ آفات سے نجات کیلئے امت اعمال درست کرے۔ کورونا وائرس کی چوتھی لہر نے خوف پھیلا دیا ہے مگر اپنے محاسبے کیلئے کوئی تیار نہیں۔ قدرتی آفات، زلزلہ، سیلاب، کورونا وبا، ڈینگی، سموگ و دیگر بیماریاں اللہ رب العزت کی طرف سے بندوں کے اعمال پر ناراضگی کا اظہار ہیں۔ انسان کی اخروی نجات اس کے دنیاوی اعمال پر منحصر ہے۔ جب انسان حرام کو حلال، ظلم کو عدل اور اپنے گناہوں کو نیکیاں سمجھنے لگتا ہے جب اپنی نافرمانی اور سرکشی کو خوبی جاننے لگتا ہے، بدکرداری کو اپنی برتری تصور کرنے لگتا ہے۔ معاشرے کے کمزوروں کا خون چوسنا، کمزوروں، یتیموں اور ضعیف لوگوں کے مال کو ہڑپ کرنا اپنا صوابدیدی اختیار سمجھنے لگتا ہے، ایمان کی قدریں کمزور اور شر فروغ پانے لگتا ہے۔ انسان نیکی کی بجائے گناہ اور اطاعت کی بجائے نافرمانیاں کرنے لگتا ہے تو اللہ کا غضب، قدرتی آفات اور وبائی امراض کی صورت میں نازل ہوتا ہے۔ آج کل انسانیت سموگ اور کورونا وبا کی چوتھی خطرناک لہر کا سامنا کر رہی ہے، یہ سب بھی ہمارے گناہوں کے باعث اللہ کریم کا عذاب ہے۔ ان آفات کا مقصد بندے کے عمل کی اصلاح اور اسے اللہ کی بندگی کی طرف متوجہ کرنا ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نماز جمعہ جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں ادا کی۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کورونا وبا کی چوتھی لہر سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے علاج معالجہ اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم دعاؤں کو سننے والا ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ وہ انسانیت کو اس آفت اور مہلک بیماری سے نجات عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہلک وبائی مرض سے نجات کیلئے ہمیں اپنے خالق و مالک سے رجوع کرنا چاہیے۔ اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنا چاہیے، اللہ تعالیٰ کا فضل اور رحم مانگنا چاہیے کہ وہ اپنی مخلوق کو اس ناگہانی وبا سے محفوظ فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top