نظام المدارس پاکستان کی 3 روزہ ٹیچر ٹریننگ ورکشاپ کا آغاز

ماہرین تعلیم نے مدارس میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا
تربیت یافتہ ماہرین تعلیم نے لیکچررز 200 سے زائد مدارس دینیہ کے سینکڑوں اساتذہ کی شرکت
جو طلبہ میں اخلاق حسنہ پیدا نہ کرے اس نصاب اور نظام دونوں کو بدلنا ہو گا
ڈاکٹر شبیر احمد جامی, مفتی بدرالزمان قادری,عین الحق بغدادی,ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی, سعید رضا بغدادی, ہارون ثانی کے لیکچرز
صدر نظام المدارس پاکستان حاجی امداد اللہ خان، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ثناء اللہ خان کی ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت

Nizam ul Madaris teachers training workshop

لاہور (7 دسمبر 2021ء) نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام 3 روزہ ٹیچر ٹریننگ ورکشاپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ 200 سے زائد مدارس دینیہ کے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی۔ 3 روزہ ٹیچر ٹریننگ پروگرام کے پہلے روز جدید طرز کے تقاضوں کے مطابق تربیت یافتہ ماہرین تعلیم نے لیکچررز دیئے۔ ماہرین تعلیم نے اپنے لیکچرز میں تعلیم میں جدت اور مدارس میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ٹریننگ ورکشاپ میں شریک اساتذہ کو منفرد انداز میں تعلیم و تدریس کے طریقے بتائے گئے۔

ناظم امتحانات نظام المدارس پاکستان عین الحق بغدادی نے استقبالیہ گفتگو میں ماہرین تعلیم اور ورکشاپ میں شریک اساتذہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار مدارس دینیہ کے اساتذہ کے لئے تربیتی اور ریفریشر کورسز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد یہ ہے کہ معیار تعلیم کو بہتر کیا جاسکے اور دینی مدارس میں زیرتعلیم طلبہ کی صحیح دینی خطوط پر تربیت ہو سکے۔

ڈاکٹر شبیر احمد جامی ہیڈ آف اسلامک سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ منہاج یونیورسٹی لاہور نے ”علمی نقابت کی ضرورت و اہمیت“ کے موضوع پر لیکچر دیا۔ پرنسپل جامعہ ہجویریؒ علامہ مفتی بدرالزمان قادری نے ”تدریسی اخلاقیات“ کے موضوع پر گفتگو کی۔ علامہ سعید رضا بغدادی نے ”عربی گرائمر و ترجمۃ القرآن“کے موضوع پر لیکچر دیا۔ ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی نے نظام المدارس پاکستان نصاب کا تعارف اور تحقیقی نصاب کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔

علامہ مفتی بدرالزمان قادری نے کہا کہ نئی نسل کو تدریسی علم کے ساتھ اخلاقیات کا درس دینا بھی ضروری ہے۔ تعلیم جیسے مقدس پیشے کو کاروبار سے زیادہ مشن کے طور پر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو جن اوصاف و امتیازات کے ساتھ نوازا ہے ان میں دو باتیں بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔ ایک علم اور دوسرا اخلاق۔ اگر ہمارا تعلیمی نصاب اور نظام طلبہ میں اخلاق حسنہ پیدا نہ کرے تو ہمیں نصاب اور نظام دونوں کو بدلنا ہو گا۔

حافظ سعید رضا بغدادی ڈائریکٹر شعبہ کورسز منہاج القرآن انٹرنیشنل نے اپنے لیکچر میں واضح کیا کہ ہمیں دینی علوم اور فنون پڑھاتے ہوئے طریقہ تدریس کو بہتر سے بہترین بنانا ہو گا۔ حافظ سعید رضا بغدادی نے مدرسین پر زور دیا کہ تدریس کے دوران ملٹی میڈیا اور جدید ذرائع کا استعمال کر کے تدریس کا معیار بہتر کیا جا سکتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد جامی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ استاد کا تعلیمی معیار مستقبل میں قوم کے تعلیمی معیار کا عکاس ہوتا ہے۔ کمزور استاد کبھی بھی بہترین معاشرے کی تشکیل نہیں کر سکتا۔

ڈائریکٹر نصاب نظام المدارس ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تین صدیوں بعد مدارس دینیہ کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ایک نئی نسل کی تیاری کی بنیاد رکھ دی ہے۔

معروف موٹیویشنل سپیکر اور ڈائریکٹر ٹریننگ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ہارون ثانی نے کلاس مینجمنٹ کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پڑھانے اور سکھانے میں فرق ہے، حقیقی استاد وہ ہے جو پڑھائے بھی اور سکھائے بھی، ہمارے نظام تعلیم کا بڑا حصہ معلومات کا ذخیرہ تو دیتا ہے عملی زندگی کا تجربہ فراہم نہیں کرتا۔

ڈائریکٹر ٹریننگ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ پہلے دن کی نشست میں حاجی امداد اللہ خان صدر نظام المدارس، ڈائریکٹر آئی ٹی ثناء اللہ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ 8 دسمبر ٹریننگ ورکشاپ کے دوسرے روز ناظم اعلیٰ نظام المدارس میر آصف اکبر قادری، سید عبد الرحمن بخاری، عمران بھٹی، ڈائریکٹر FMRi محمد فاروق رانا، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی الازہری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی اور اظہارالحق لیکچر دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top