شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نظام المدارس پاکستان کو ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد

تعلیم و تحقیق اور جدید طریقہ تدریس کے لیے ریفریشرز کورسز ضروری ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
پونے تین سو سال پرانے نصاب اور سو سال پرانے طریقہ تدریس کو خیر باد کہنا ہوگا: قائد تحریک منہاج القرآن

Dr Qadri congratulates Nizam ul Madaris administration

لاہور (10 دسمبر 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام تین روزہ کامیاب ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ پونے تین سو سال پرانے نصاب اور سو سال پرانے طریقہ تدریس کو خیر باد کہنا ہوگا۔ تعلیم و تحقیق اور جدید طریقہ تدریس کے لیے ریفریشرز کورسز ضروری ہیں۔ انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے صدر علامہ امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، ناظم امتحانات عین الحق بغدادی، علامہ اشفاق چشتی و دیگر ذمہ داران کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کے انعقاد سے مدارس دینیہ کے معیار تعلیم کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی اور دینی مدارس میں زیرتعلیم طلبہ کی سائنسی خطوط پر تربیت کرنے میں مدد ملے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ مدارس دینیہ کے طلبا کیلئے جدید رجحانات کو فروغ دینا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ ٹیکنالوجی اور تعلیم کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ تعلیم میں روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید ذرائع تعلیم کا استعمال ناگزیر ہے۔ اساتذہ کیلئے نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا اور اسے استعمال کرنا انتہائی ضروری ہے۔ نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار کرنا ہو گا تاکہ ملک و قوم کو دیرپا ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ نظام المداراس پاکستان کے ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ مدارس دینیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نا صرف پُرعزم ہیں بلکہ عملی اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ نظام المدارس پاکستان کو اساتذہ و طلبہ کیلئے اس طرح کی بامقصد ورکشاپس کا انعقاد مستقل اور مربوط بنیادوں پر جاری رکھنا چاہیے۔ اساتذہ کی جدید تعلیم سے ناواقفیت اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہچکچاہٹ مطلوبہ نتائج کے استعمال میں مشکلات کا باعث ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کو تعلیم و تحقیق کے معیاری مواقع و سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل ٹیکنالوجی کا ہے جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس میدان میں زیادہ سے زیادہ مہارت پیدا کریں۔ جدید تحقیق پر نظر رکھیں۔ تعلیمی اور تدریسی عمل میں جدید سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں کوئی کوتا ہی نہ برتی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top