گوشہ درود موبائل ایپ کا اجراء

عبدالستار منہاجین

دینِ اسلام میں سب سے مرکزی حیثیت منصبِ رسالت کو حاصل ہے اور منصبِ رسالت کی یہی مرکزیت اس امر کی متقاضی ہے کہ آپ ﷺ کی ذاتِ گرامی ہر مسلمان کے لئے تمام محبتوں کا مرکز و محور قرار پائے اور ایمان کو اس سے مشروط کردیا جائے۔ رسالتمآب ﷺ سے عشق و محبت اور نسبتِ تعلق کے عملی اظہار کا طریقہ یہ ہے کہ آپ ﷺ کی لائی ہوئی تعلیمات پر عمل کیا جائے اور آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس پر درود و سلام کے نذرانے پیش کئے جائیں۔ نسبتِ تعلق کے اظہار کے یہ دنوں طریقے قرآن و حدیث سے ثابت ہیں اور تقریباً ڈیڑھ ہزار سال سے اِن پر عملی طور پر امت کا اجماع ہے۔ اتباعِ رسول اور درود و سلام کا وِرد ایسی عبادات ہیں جو رضائے الٰہی اور قربتِ مصطفی ﷺ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کا خمیر عشق و محبت رسول ﷺ سے اٹھا ہے۔ یہ عشقِ رسول ﷺ کو زندہ کرنے کی تحریک ہے اور بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا سارا علمی، تحقیقی، تقریری اور تصنیفی کام اس کی بین دلیل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت کا رسالتمآب ﷺ سے کمزور ہوتا ہوا تعلق پختہ کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ اس مقصد کیلئے آپ نے یکم دسمبر 2005ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر گوشہ درود قائم کیا جو حرمین شریفین کے بعد کرۂ ارض پر ایسا منفرد مقام ہے جہاں 24 گھنٹے، ہر لمحہ رسالتمآب ﷺ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے جاتے ہیں۔ عشاقِ رسول 10 دنوں کے لیے گوشہ نشین ہو کر گوشہ درود میں معتکف ہوتے ہیں، دن بھر روزہ رکھتے ہیں اور نمازِ پنجگانہ و استراحت کے اوقات کے علاوہ اپنی زبانوں کو درود و سلام کے کلمات سے تَر رکھتے ہیں۔ رسالتمآب ﷺ کے ساتھ اظہارِ محبت کا یہ انداز نہ صرف منفرد ہے بلکہ دنیا میں کہیں اِس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

تحریک منہاج القرآن رسالتمآب ﷺ کے ذکر و فکر کو ہر گھر اور ہر فرد کے مَن میں پہچانا چاہتی ہے تاکہ مصطفوی مشن کا آفتاب طلوع ہو۔ اس مقصد کے پیشِ نظر تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات اور کارکنان نے دنیا بھر میں حلقاتِ درود و فکر قائم کئے ہیں جو نسبتِ رسول ﷺ کو مضبوط کرنے کا ماحول اور تعلیم و تربیت فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔ نسلِ نَو کو ایسے مقدس ماحول کی فراہمی یقیناً اُن کے ذہنوں پر اثرات مرتب کرے گی، جس میں ان کے عقائد اور ایمان کا تحفظ ہوگا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر واقع گوشہ درود اور دنیا بھر میں ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے حلقاتِ درود و فکر نسبتِ مصطفی ﷺ کی خیرات تقسیم کر رہے ہیں۔ گوشہ درود شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا رسالتمآب ﷺ کے عشاق کے لیے عظیم تحفہ ہے۔ گوشہ درود اور حلقاتِ درود و فکر مادیت، جدیدیت اور لادینیت کی یلغار کے دور میں مسلمانوں کے لیے تعلیم و تربیت کا بہترین مرکز ہیں۔ ہر ماہ مرکز پر مجلسِ ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ کی محفل منعقد ہوتی ہے، جس میں گوشہ درود اور اُس کے نظام کے تحت دنیا بھر میں قائم کردہ حلقاتِ درود و فکر میں پڑھا گیا درودِ پاک بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں پیش کیا جاتا ہے۔

دسمبر 2005ء میں گوشہ درود کے قیام کے ساتھ ہی منہاج انٹرنیٹ بیورو کے زیرانتظام اس کی الگ ویب سائٹ www.gosha-e-durood.com لانچ کر دی گئی تھی، جہاں گوشہ نشینان اور حلقاتِ درود و فکر سمیت اِنفرادی طور پر درود پاک پڑھنے والے افراد کا مکمل ریکارڈ محفوظ کیا جاتا تھا۔ 38ویں عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر منہاج انٹرنیٹ بیورو نے دنیا بھر سے درودِ پاک کی کولیکشن کے لئے گوشہ درود موبائل ایپ کے نام سے موبائل ایپلیکشن تیار کی۔ اس ایپ کا باقاعدہ افتتاح 7 نومبر 2021ء کو محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرمایا۔ یہ ایپ ایپل اور اینڈرائیڈ کے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے دستیاب ہے۔ اس موبائل ایپلیکشن میں 8000 سے زائد گوشہ نشینان، 6000 سے زائد حلقاتِ درود و فکر اور 7000 سے زائد اِنفرادی طور پہ پڑھنے والوں کے درود پاک کا ریکارڈ شامل ہے۔ ہر یوزر اپنے پیش کردہ درودِ پاک کا تمام سابقہ ریکارڈ دیکھ سکتا ہے کہ اُس نے پچھلے 16 سال میں کب کتنا درودِ پاک ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی ﷺ میں پیش کرنے کے لیے گوشہ درود میں جمع کروایا تھا۔

گوشہ درود موبائل ایپلیکشن میں نہایت خوبصورت لے آؤٹ میں کاؤنٹر تسبیح کے ساتھ ساتھ حلقاتِ درود و فکر کی ڈاکومنٹری، فضائلِ درود و سلام پر شیخ الاسلام کے خطابات و تصانیف، اسماء الحسنیٰ، اسماء النبی ﷺ بھی اِس ایپ کا حصہ ہیں۔ تعلق بالقرآن اور تعلق بالحدیث کو مزید پختہ کرنے کیلئے روزانہ ایک آیتِ کریمہ اور ایک حدیثِ مبارکہ بھی مع ترجمہ اِس ایپ میں شائع کی جاتی ہیں۔

مادیت پرستی اور فتنہ پروری کے اس دور میں اگر آپ بھی سکونِ قلب کے متلاشی ہیں اور مکینِ گنبدِ خضریٰ سے تعلقِ غلامی استوار کرنے کے خواہاں ہیں تو گوشہ درود موبائل ایپ انسٹال کریں اور توجہ الیٰ اللہ اور توجہ الیٰ الرسول ﷺ کے جذبے سے سرشار ہو کر ہمہ وقت درودِ پاک سے اپنی زبان کو تر رکھنے کی عادت اپنائیں اور رسالتمآب ﷺ کی بارگاہ میں ہدیۂ دورد و سلام پیش کرنے والے غلاموں میں شامل ہو جائیں۔ گوشہ درود موبائل ایپ پر جمع کروایا گیا آپ کا درود و سلام ہر ماہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی ﷺ میں بارگاہِ رسالتمآب پیش کیا جاتا ہے۔

نوٹ: گوشہ درود کی موبائل ایپ کو یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ www.gosha-e-durood.com

ماخوذ از ماہنامہ منہاج القرآن، دسمبر 2021ء

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top