اسلام، امن سلامتی اور محبت کی بات کرتا ہے: سہیل احمد رضا

مسلم مسیحی تعلقات کی بنیاد خود حضرت محمد ﷺ نے 1400 سال پہلے رکھ دی تھی
مسلم، مسیحی تعلقات اور اتحاد عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے: ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے ریورنڈ ڈاکٹر سیموئیل ٹائٹس کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، کرسمس کی مبارکباد دی

Sohail Raza with Rev Dr Samuel Titus

لاہور (13 دسمبر 2021ء) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل رضا کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے کرسمس کی تقریب میں ماڈیریٹر سینٹ پال چرچ میں شرکت کی۔ وفد میں پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر اظہر اعوان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، راجہ اظہر، ضلعی نائب صدر رضا ملک، عبدالحق و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر ایاز محمود لاشاری زونل ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف بھی موجود تھے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے ریورنڈ ڈاکٹر سیموئیل ٹائٹس کی خصوصی دعوت پر کرسمس تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے ریورنڈ ڈاکٹر سیموئیل ٹائٹس کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور کرسمس کی مبارک دی۔ تقریب سے سہیل رضا، ایاز محمود لاشاری، ملک اظہر اعوان، غلام علی خان و دیگر نے خطاب کیا۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرسمس سے امن، محبت اوررواداری کا پیغام ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم مسیحی تعلقات کی بنیاد خود نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفے ﷺ نے آج سے 1400 سال پہلے رکھی تھی، حضور نبی اکرم ﷺ نے مسلمانوں کا پہلا وفد ایک مسیحی ریاست کے سربراہ نجاشی کے پاس بھیج کر مسلم مسیحی اتحاد کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مسیحی رہنما دیوان بہادر ایس پی سیگا جو اس وقت پنجاب اسمبلی کے سپیکر اسمبلی تھے انہوں نے پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر پنجاب کو پاکستان کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں اہم کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، خواہ وہ تعلیم کا شعبہ ہو، صحت کا ہو یا افواج پاکستان میں خدمات ہوں، پاکستان کے دفاع میں بھی مسیحی برادری کا کلیدی کردار ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ مسلم مسیحی تعلقات عالمی امن کے لئے ناگزیر ہیں، ہم مل کر وطن عزیز کو ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے دیکھا تھا۔ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم مسیحی اتحاد کے ذریعے وطن عزیز کی تعمیرو ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام دیگر مذاہب کے ساتھ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔ اسلام، امن سلامتی اور محبت کی بات کرتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top