منہاج یونیورسٹی لاہور کا اعزاز ورلڈ گرین رینکنگ میں شامل

Minhaj ul Quran Lahore included in Green Ranking 2021

لاہور (16 دسمبر 2021) ورلڈ گرین رینکنگ میں شامل ہونے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مثالی خدمت انجام دینے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کی ایڈمنسٹریشن بالخصوص وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، رجسٹرار، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، ڈینز، ڈائریکٹر کیو ای سی اور متعلقہ فیکلٹی ممبرز کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یونیورسٹی کی ترقی کیلئے محنت کا یہی جذبہ روا رکھا جائے گا اور یہ محنت ان شاء اللہ یونیورسٹی کے قومی و بین الاقوامی معیار میں مزید بہتری کا سبب بنے گی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ انڈونیشیا کے بین الاقوامی ادارے میٹرک گرین کی جانب سے 84 ممالک کی یونیورسٹیز کے حوالے سے ایک سروے کنڈکٹ کرتے ہوئے ورلڈ گرین رینکنگ فہرست جاری کی گئی ہے جس میں الحمدللہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا نام اس ورلڈ رینکنگ میں 731 ویں اور ملکی سطح پر 35ویں نمبر پر شامل ہے جو بلاشبہ ایک حوصلہ افزا اعزاز ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ یونیورسٹی ہذا کا علمی تشخص اور اس کے جملہ شعبہ جات تعلیمی و تحقیقی معیار کے اعتبار سے روبہ ترقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”میٹرک گرین“ کی طرف سے منہاج یونیورسٹی لاہور کو تعلیم دوست ماحول و استحکام، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، ویسٹ اینڈ واٹر مینجمنٹ، ماحول دوست شجرکاری، ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، معیاری انفراسٹرکچر، انرجی اینڈ کلائی میٹ چینج، ٹرانسپورٹیشن کے ضمن میں مثالی کارکردگی دکھانے پر ورلڈ رینکنگ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف منہاج یونیورسٹی کا نہیں پاکستان کا اعزاز ہے اور ہم اس پر اللہ رب العزت کے شکرگزار ہیں اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں مزید محنت کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی ویژن کی روشنی میں منہاج یونیورسٹی لاہور تعلیم و تحقیق کے باب میں اہم سنگ میل عبور کر رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top