منہاج القرآن کی طرف سے ”سیرت نبوی ﷺ کا اصل خاکہ“ کتاب شائع

آپ ﷺ اقلیتوں، کمزوروں کے حقوق کے محافظ اور عالمی امن کے داعی ہیں: محمد فاروق رانا
یہ کتاب غلط خاکے پیش کرنے والوں کے لئے بھی ذریعہ رہنمائی ہے: ڈائریکٹر ایف ایم آر آئی

A Real Sketch of the Prophet Muhammad

لاہور (21 دسمبر 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے ”سیرتِ نبوی ﷺ کا اصل خاکہ“ کتاب شائع ہو گئی ہے۔ یہ کتاب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ کامل کے اسباق پر مشتمل ہے۔ اس کتاب میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاقِ حسنہ، منصف و نرم مزاجی، فراخ دلی اور اعتدال و توازن کی صفات کابڑے دلنشیں انداز میں مستند احادیث مبارکہ کے ذریعے احاطہ کیا گیا ہے۔

فریدِ ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے کتاب کی اشاعت کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمیز خاکے بنا کر عالم اسلام کے جذبات کو مجروح کیا جارہا تھا اور بالخصوص امہ کے نوجوان اس پر کرب میں مبتلا ہیں۔ یہ کتاب پیغمبرِ امن و سلامتی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلط خاکے پیش کرنے والوں کے لئے بھی مستند معلومات کا خزانہ اور ذریعہ رہنمائی ہے اور اس سوچ کے ساتھ اس کتاب کو مرتب کیا گیا ہے کہ اپنے اور پرائے سبھی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاقِ حسنہ کے بارے میں جامع معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اصلاح کر سکیں۔

یہ کتاب انگریزی زبان میں تحریر کی گئی تھی اور اب اس کا اردو ترجمہ بھی شائع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اقلیتوں کے حقوق کے محافظ، بین المذاہب رواداری کے علمبردار، نسلی امتیاز کا رد کرنے والے، مذہبی بنیاد پر عناد و تعصب کا خاتمہ کرنے والے، امن عالم کے پیامبر، کمزوروں اور مفلسوں کے مددگار، بیماروں کے پرسان حال، غلاموں کے نجات دہندہ، پناہ گزینوں کے حقوق کے محافظ، بیواؤں اور یتیموں کے نگہبان، خواتین کی ناموس اور ان کے حقوق کے محافظ، بچوں اور پڑوسیوں کے لئے مہربان و شفیق، ایثار کیش، علم و حکمت کو پسند فرمانے والے، ماحولیات کے تحفظ کی تعلیم دینے والے، ضبط نفس کے عظیم معلم، ذخیرہ اندوزی، فضول خرچی کو مسترد فرمانے والے اور حالت جنگ میں بھی عدل و انصاف اور رحم دلی کا برتاؤ فرمانے والے رحمۃ للعالمین ہیں۔

محمد فاروق رانا نے بتایا یہ کتاب 222 صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کا غیر مسلموں اور ہر کلمہ گو مسلمان بالخصوص نوجوانوں کو ضرور مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ پیغمبرِ حق حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اوصاف حمیدہ کو جان سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top