مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہیں: سہیل احمد رضا
حضرت عیسی ابن مریم علیہما السلام کا یوم ولادت امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے
بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا: ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن
لاہور (24 دسمبر 2021) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ابن مریم حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت (کرسمس) کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ کرسمس کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔ دین اسلام دوسرے مذاہب کے ساتھ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ اور حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام (Jesus Christ) کی تعلیمات اور پیغامات پر عمل کیا جائے تو اس سے نہ صرف نفرتوں کا خاتمہ ہوگا بلکہ دنیا میں امن بھی قائم ہو جائے گا۔ سہیل رضا نے کہا کہ امن، بھائی چارے، مساوات اور معاشی و معاشرتی عدل قائم کرنے میں مذاہب کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ دین اسلام نے رواداری اور محبت کا درس دیا ہے۔ سہیل رضا نے کہا کہ تمام پیغمبر جو اللہ کریم نے معبوث فرمائے انہوں نے انسانیت اور حقوق العباد کی تعلیم دی۔ حقوق العباد اور انسانیت نہیں ہوگی تو کوئی بھی دین لوگوں کے دلوں پر اثر نہیں کر سکے گا۔ اسلام وہ دین ہے جو دوسرے مذاہب کے لوگوں کو ان کا حق دیتا ہے۔ کرسمس پیار اور محبت کا تہوار ہے۔ مسیحی برادری کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
تبصرہ