منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ایک روزہ موبائل میڈیکل کیمپ و لیب کا انعقاد

تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم نے مستحق مریضوں کا معائنہ کیا اور ادویات دیں
دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رہے گا: رانا نفیس حسین قادری
پروفیسر فیاض رانجھا، غلام حیدر مارتھ سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد میں شرکت
فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عبد المجید، رانا عتیق الرحمان، ڈاکٹر محمد قاسم، حاجی محمد امجد و دیگر کی شرکت

free eye camp lahore

لاہور (27 دسمبر 2021) منہاج القرآن لاہور (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) کے زیراہتمام آؤٹ فال روڈ ٹبہ بابا فرید لاہور میں ایک روزہ موبائل میڈیکل کیمپ و لیب کا انعقاد کیا گیا۔ ایک روزہ موبائل ہسپتال و میڈیکل کیمپ میں پروفیسر ڈاکٹر علی ایاز، پروفیسر ڈاکٹر یار محمد، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ خورشید احمد سمیت ماہر و تجربہ کار ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف نے سینکڑوں مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور ادویات دیں۔ ایک روزہ میڈیکل کیمپ کا افتتاح صدر تحریک منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عبد المجید نے کیا۔ سابق ایم ایس میو ہسپتال لاہور ڈاکٹر پروفیسر فیاض رانجھا، سابق آئی جی پنجاب غلام حیدر مارتھ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایک روزہ میڈیکل کیمپ میں سی بی سی، کیلسٹرول، شوگر، ہپا ٹائٹس بی سی، یورک ایسڈ، بلڈ گروپنگ سمیت مریضوں کے مفت ٹیسٹ کئے گئے اور مریضوں کو ادویات تجویز کی گئیں۔

صدر تحریک منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اس طرح کے بے شمار میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انسانیت کی خدمت تحریک منہاج القرآن کا مشن ہے۔ دین اسلام نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی بنیادی ضروریات میں صحت، تعلیم، لباس، قیام و طعام شامل ہیں مگر بہت سے لوگ ان سہولیات سے محروم ہیں۔ قابل تحسین ہیں وہ لوگ جو ضرورت مند افراد کے دکھ درد سمیٹتے اور ان میں آسانیاں بانٹنے کیلئے سرگرم ہیں۔ ایک دوسرے کے کام آنا اچھے معاشرے کی تشکیل کا نقطہ آغاز ہوتا ہے۔

ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عبد المجید نے کہا کہ پورے لاہور میں اس طرح کے فلاحی منصوبے شروع کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ لاہور کے تمام علاقوں میں لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ منہاج موبائل ہسپتال انسانیت کی خدمت کرتا رہے گا۔ ضرورت مندوں کو مفت ادویات اور بنیادی ٹیسٹوں کی سہولیات ملتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو ایسے کاموں میں بڑھ چڑھ کو حصہ لینا چاہیے۔ تحریک منہاج القرآن لاہور نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پر جدید موبائل کلینک اینڈ لیب کے ماڈل منصوبے کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فیاض رانجھا اور سابق آئی جی غلام حیدر مارتھ نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے موبائل ہسپتال کے منصونے کے سراہتے ہوئے اسے بہترین اسانی خدمت قرار دیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر تحریک منہاج القرآن لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم نشر و اشاعت لاہور رانا عتیق الرحمان، ڈاکٹر محمد قاسم، حاجی محمد امجد سمیت تحریک منہاج القرآن لاہور کے ضلعی و مقامی عہدیداران بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top