منہاج القرآن علماء کونسل کا اتحاد امت کانفرنسز کے انعقاد کا اعلان

کانفرنسز میں تمام مسالک کے نامور علماء و مشائخ اور اہم شخصیات شرکت کریں گی، فیصلہ
ملکی استحکام کے لئے علماء و مشائخ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، اجلاس میں فیصلہ
برداشت کے کلچر کو فروغ دے کر ہر سازش کو ناکام کرنا ہے: علامہ میر آصف اکبر قادری
اجلاس میں مفتی غلام اصغر صدیقی، مفتی محمد رفیق قادری، علامہ محمد اشفاق چشتی، مولانا خلیل حنفی کی شرکت

minhaj ul quran

لاہور (28 دسمبر 2021) منہاج القرآن علما کونسل لاہور کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری نے کی۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے تمام پی پی صدور و ناظمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک سے فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے اتحاد امت کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ پاکستان اسلامی نظریاتی ریاست ہے جو نظریہ اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی۔ دشمن قوتیں ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کرتی رہتی ہیں۔ کبھی لسانی، مذہبی، علاقائی فسادات کے ذریعے اور کبھی سیکولر سیاستدانوں کے ذریعے ہرزہ سرائی کی جاتی ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں عدم برداشت، فرقہ واریت کے خلاف برسرپیکار ہے۔ 2022ء کا آغاز منہاج القرآن علماء کونسل اتحاد امت کانفرنسز کے انعقاد سے کرے گی۔ ان کانفرنسز میں تمام مسالک کے نامور علماء و مشائخ اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ کانفرنسسز میں نہ صرف اتحاد امت کا پیغام دیا جائے گا بلکہ اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ اتحاد امت کے لئے علماء و مشائخ کا اتحاد ناگزیر ہے۔ ملک کو مستحکم کرنے کے لئے تمام علماء و مشائخ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ ایک امت ہونے کے لئے مدارس اور خانقاہوں کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد امت و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل امن، اتحاد، رواداری اور بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے کوشاں ہے۔ انتہاء پسندی اور عدم برداشت کے خلاف فکر کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن و محبت اور رواداری کو تمام تعلیمی اداروں تک منہاج القرآن علماء کونسل کی تنظیمات کے ذریعے پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت بڑی نعمت ہے۔ آزادی کی قدر غلام قوموں سے پوچھیں ہم نے اتحاد اتفاق رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دے کر ملکی اتحاد کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام کرنا ہے۔

اجلاس میں مفتی غلام اصغر صدیقی، مفتی محمد رفیق قادری، علامہ محمد اشفاق چشتی، مولانا خلیل حنفی، علامہ عدنان فیصل، علامہ اقبال نورانی، علامہ شہزاد کامران، علامہ عامر چشتی، علامہ عبدالمختار قادری، علامہ قمر ندیم، علامہ عبدالخالق باروی، علامہ ابوبکر صدیقی و دیگر علماء نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top