اسلام آباد: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا قائد اعظم یونیورسٹی میں ’’سیرت النبیﷺ‘‘ سیمینار سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ’’سیرت النبیﷺ‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات بین المذاہب رواداری، انسانی حقوق کے تحفظ و احترام پر مبنی ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیرت الرسول ﷺ کا عملی مطالعہ زندگی میں ہر سطح پر کامیابی کی ضمانت ہے۔ آج ہمیں سیاسی و معاشی، معاشرتی اور تہذیبی پہلووں پر غور کرتے ہوئے سیرت الرسول ﷺ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آقا کریم ﷺ نے دستور مدینہ کے ذریعے ایک مکمل ایڈمنسٹریٹیو نظام وضع فرمایا، جس میں کسی بھی شخص کی کسی بھی سطح پر تقرری سے لیکر احتساب تک کا نظام موجود تھا اور ہر ایک شخص کیلئے مکمل کوڈ آف کنڈکٹ بھی مقرر کئے گئے تھے۔ ریاستِ مدینہ کے 63 آرٹیکل کے تحت تاجدار کائنات ﷺ نے جو نظام، پرنسپل اور دستوری قوانین و ضوابط عطاء کئے یہ صرف پرنسپل کی شکل میں نہیں تھے بلکہ 10 سالہ حیاتِ طیبہ میں آقا کریم ﷺ نے یہ پورا دستور اپنی ریاستِ مدینہ میں نافذ بھی فرمایا۔
سیمینار میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید محمد علی شاہ، ایپملائرز ویلفیئر ایسوسی ایشن چاند ستارہ گروپ کے صدر ملک محمد صدیق، ڈیپارٹمنٹس کے ایچ او ڈیز، ڈینز، پروفیسرز اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر قائد اعظم یونیورسٹی کے پروفیسرز، ایچ او ڈیز اور اساتذہ نے چیئرمین سپریم کونسل کے سیرت النبی ﷺ کے خطاب کو خوب سراہا۔
سیمینار میں ڈاکٹر محمد رفیق نجم، راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری، قاضی شفیق الرحمان، قیصر نواز گنڈاپور، چوہدری محمد اخلاق، سجاد علی، کے ایم زاہد، سید سلمان کونین، ذوالقرنین حیدر سیالوی، اشتیاق میر اور دیگر بھی موجود تھے۔
تبصرہ