منہاج القرآن ویمن لیگ کا 34 واں یوم تاسیس انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا

خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا ناگزیر ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین کی امپاورمنٹ کیلئے تعلیمی، سماجی شعبوں میں جدوجہد کی ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے وژن کے مطابق خواتین کیلئے تعلیم و تربیت کے ادارے قائم کئے گئے: ڈاکٹر غزالہ حسن قادری
فضہ حسین قادری، باسمہ حسن قادری، درۃ الزہراہ قادری، سکینہ حسین قادری، ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت کی شرکت

The 34th foundation day of MWL celebrated with fervour

لاہور (6 جنوری 2022) منہاج القرآن ویمن لیگ کا 34 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ تقاریب کا انعقاد کیا گیا، ملکی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں، کیک کاٹے گئے۔ مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے صدارت کی۔ فضہ حسین قادری، باسمہ حسن قادری، درۃ الزہراہ قادری، سکینہ حسین قادری، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز، ناظمہ سدرہ کرامت، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ یورپ ڈاکٹر بشریٰ ریاض سمیت مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، بانی و سینئر رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی کامیابی کا راز اخلاص اور خدمت میں ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کامیابی کی اس منزل پر کھڑی ہے کہ اس کا پیغام دنیا کے 5 براعظموں تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک اور معاشرے کی اخلاقی، سماجی، معاشی ترقی و بہبود اس وقت تک ناممکن ہے جب تک اس ملک اور معاشرے کی خواتین سے استفادہ نہیں کیا جاتا۔ خواتین کی صلاحیتوں سے استفادہ اور انہیں ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے تعلیم واحد گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے تعلیم کے حصول کو فرض قرار دیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین کی امپاورمنٹ اور پاکستان کی خواتین کو قائدانہ کردار کی حامل بنانے کیلئے تعلیمی، معاشی، سماجی شعبوں میں لازوال جدوجہد کی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ویژن کے مطابق بیٹیوں کی معیاری تعلیم و تربیت کیلئے تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔ ایک تعلیم یافتہ نسل پروان چڑھائی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو 34 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اس کے کام اور ترقی کیلئے دعائیں دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر ممبران اور سوشل میڈیا کی خدمات کو بھی سراہا۔

تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر عہدیداران ارشاد اقبال، انیلہ الیاس، عائشہ مبشر اور کلثوم طفیل کو ان کی خدمات پر شیلڈز دی گئیں۔ تقریب سے ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت و دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ اُم حبیبہ اسماعیل، نورین علوی، کلثوم قمر سمیت خواتین رہنما تقریب میں شریک تھیں۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، ملکی سلامتی و خوشحالی اور کورونا وباء سے نجات کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top