منہاج یونیورسٹی میں معروف نعت خوان خالد حسنین خالدکی یاد میں تعزیتی ریفرنس

تعزیتی ریفرنس کا اہتمام حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کی طرف سے کیا گیا، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خطاب
خواجہ غلام قطب الدین فریدی، ڈاکٹر پروفیسر فخر الدین نوری، تسلیم صابری، صفدر محسن، سرور نقشبندی کا اظہار خیال
خالد حسنین خالد، الحاج یوسف میمن، محبوب ہمدانی و دیگر مرحومین کو خراج تحسین پیش کیا گیا

منہاج یونیورسٹی میں معروف نعت خوان خالد حسنین خالدکی یاد میں تعزیتی ریفرنس

لاہور (13 جنوری 2022) منہاج یونیورسٹی لاہور حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام عالمی شہرت یافتہ نعت خوان خالد حسنین خالد مرحوم و دیگر رفتگان نعت کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ نعت خوان حضرات ثناء خوان مصطفی اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل پیرا رہنے والا طبقہ ہے۔ نعت، منقبت اور حمد پڑھنے کے پیچھے اگر اللہ اور اس کے رسول کی رضا ہوگی تو ایسے ثناء خوان مصطفی کا نام عزت کے ساتھ زندہ رہے گا، فن نعت گوئی سے وابستہ حضرات اس بات کا خیال رکھیں کہ نعتیہ کلام اور اس کی طرزیں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب کے شایان شان ہونی چاہئیں، پاپولر ٹرینڈز اور مشہور ہونے کی دوڑ بے ادب نہ بنا دے۔ انہوں نے کہاکہ نعتیہ کلام پاکیزہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مزین و مرصع ہونا چاہیے۔ نعتیہ کلام میں محبت اور شفقت کی مصطفوی فکر غالب نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور حسان بن ثابت ؓ نعت ریسرچ سنٹر فن نعت گوئی کے میدان میں نوجوانوں کیلئے تعلیم و تربیت کا مرکز بنے گا۔ انہوں نے خالد حسنین خالد کی منظوم خدمت سیرت النبی ﷺ پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

منہاج یونیورسٹی میں معروف نعت خوان خالد حسنین خالدکی یاد میں تعزیتی ریفرنس

تعزیتی ریفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک سجادہ نشین خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خالد حسنین خالد نامور مداح رسول تھے، وہ بڑا پختہ کلام پڑھتے تھے اور ان کے کلام کا ہر حرف دل میں اتر جاتا تھا۔ حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر قائم کرنے پر انھوں نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو مبارکباد دی۔

کلمات استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کے ڈائریکٹر اور ڈین لینگویجز ڈاکٹر فخر الدین نوری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کو زندہ رکھنے والوں کے نام اللہ زندہ رکھتا ہے، منہاج یونیورسٹی لاہور کا شعبہ حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر نعت پر تحقیق کے ساتھ ساتھ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی منظوم اور مترنم خدمت انجام دینے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا رہے گا۔

صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خالد حسنین خالد نے فن نعت گوئی کو بام کمال تک پہنچایا، وہ انتہائی وضع دار اور مؤدب شخصیت کے مالک تھے۔ انھوں نے نوجوان نسل کو نعت جیسے مقدس عمل کے رموز و اسرار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی براہ راست سرپرستی میں تشکیل پانے والا اپنی نوعیت کا یہ منفرد نعت ریسرچ سنٹر نعت اور نعت خوانین کی خدمات کے اعتراف کا علمی و فکری مرکز بن چکا ہے۔

معروف اینکر پرسن صفدر علی محسن نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی سطح پر ثناء خوان مصطفیٰ کو خراج تحسین پیش کرنے کی روایت ڈالنے اور انتہائی عزت و احترام کے ساتھ اس روایت کو نبھانے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے تمام ذمہ داران اور سکالرز کروڑوں مبارک باد کے مستحق ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نوید حیدری نے کہا کہ خالد حسنین خالد نے نعت کو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور خدمت دین کا ذریعہ بنایا۔ انھوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس نعت ریسرچ سنٹر کو مداحین مصطفیٰ کی پذیرائی مرکز بنا دیا ہے۔

حافظ مرغوب احمد حمدانی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ثناء خوان مصطفیٰ کے سب سے بڑے قدر دان ہیں، وہ بین الاقوامی دعوتی مساعی کے سلسلے مجھے اپنے ہمراہ بیرون ملک لے کر جاتے تھے، ثناء خوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خراج تحسین پیش کرنے کی توفیق بھی اللہ نے اسی خانوادے کو عطا کی، انھوں نے اپنی شہرہ آفاق نعت آکھیں سوہنے نوں ہوائے نیں جے تیرا گزر ہوا پیش کی۔

علامہ شہزاد مجددی نے کہا کہ خالد حسنین خالد نے فروغ نعت و عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے نوجوان نسل میں ادب و محبت کو پروان چڑھانے کا جو اسلوب اپنایا وہ قابل رشک اور قابل تحسین ہے۔

تعزیتی ریفرنس میں خالد حسنین خالد، الحاج یوسف میمن، محبوب ہمدانی و دیگر مرحومین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے سرور حسین نقشبندی، محمد افضل نوشاہی، مسعود شاکر، سردار خالد، قاری محمد یونس قادری، سید حسنین، حسان المصطفی، سید اعجاز حسین عاجز و دیگرنے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top