’’اساتذہ کرام طلباء کے ساتھ قوم کے لیے بھی رول ماڈل ہوتے ہیں‘‘: انجمن اساتذہ کے وفد کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ملاقات

minhaj ul quran

انجمن اساتذہ پاکستان کے وفد نے مرکزی صدر پروفیسر رضا حسین سیال کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اساتذہ انسانیت کے معلم ہیں اور پیغمبرانہ طریق پر ہیں۔ پروفیشنل اساتذہ کے بغیر پڑھے لکھے پاکستان کی منزل کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

چیئرمین سپریم کونسل نے ملاقات کرنے والے نمائندہ اساتذہ سے کہا کہ منہاج القرآن کا شعبہ ٹریننگ اساتذہ کو جدید طریقہ تدریس کے لئے ریفرشر کورسز کروانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم تربیت سے شخصیت کا حصہ بنتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تعلیم اور تربیت کو لازم و ملزوم قرار دیا اور منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں نے عصری تقاضوں کے مطابق اساتذہ کی تربیت کو ہمیشہ فوقیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلبہ کے ساتھ ساتھ پوری سوسائٹی کیلئے رول ماڈل ہوتے ہیں۔ استاد کے مثالی کردار کے بغیر تعلیم فروغ نہیں پا سکتی، اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلباء میں دین سے بیزاری اور تنگ نظری کے رجحان کے تدارک کیلئے انہیں اخلاق، آداب، تقویٰ و طہارت، اعتدال اور رواداری کی تعلیمات دیں۔

وفد میں پروفیسر رضا حسین سیال، شاہد مسعود، شیخ عبدالرزاق، ملک ناصر عباس قادری، محمد یحییٰ، محمد حسن رضا قادری، حافظ محمد سلیمان تونسوی، علامہ نعیم نورانی، محمد ارشد کیف، رشید احمد بھٹی، محمد انور نوری اور محمد اسلم شامل تھے۔

مرکزی صدر انجمن اساتذہ پاکستان پروفیسر رضا حسین سیال نے کہا کہ پہلی بار منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کادورہ کررہے ہیں یہاں کے تعلیمی وتربیتی انتظام و انصرام سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ شرح خواندگی میں اضافے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ منہاج القرآن کے شعبہ تربیت سے استفادہ کریں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جدید تقاضوں کے مطابق تدریسی ٹولز اختیار کرنے ضروری ہیں۔

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top