منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام ”صحافت برائے ریاست“ سیمینار کا انعقاد

فیک نیوز بین الاقوامی المیہ بن گیا ہے: حسان خاور
سیمینار سے نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر خواجہ علقمہ کا اظہار خیال

Seminar on Journalism for State organized by Minhaj University Lahore

لاہور (27 جنوری 2022) منہاج یونیورسٹی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیوکیشن اور روزنامہ تحریک کے مشترکہ تعاون سے ''صحافت برائے ریاست'' کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا کہ بعض اوقات من گھڑت خبروں کی اشاعت اور اس کے پھیلاؤ سے ریاست کی ساکھ داؤ پر لگ جاتی ہے، فیک نیوز ہمارا ہی نہیں ایک عالمی المیہ بن چکا ہے اور فیک نیوز ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے، عوام تک درست خبر پہنچانا شعبہ صحافت اور صحافیوں کی ذمہ داری ہے۔

سیمینار سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی اور رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے روزنامہ تحریک کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح بھی کیا۔

حسان خاور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شفاف احتساب اور جمہوریت کے استحکام کے لئے میڈیا کا کردار اہم ہے، کچھ لوگ عدالتوں میں کرپشن کیسز میں تاریخیں لیتے ہیں مگر میڈیا پر آ کر کوئی اور بات کرتے ہیں، جس پر الزام ہے اسے بے گناہی ثابت کرنے کا پورا قانونی حق حاصل ہے مگر پراپیگنڈہ سے حقائق مسخ نہیں کئے جا سکتے اور نہ قانون کی آنکھ میں دھول جھونکی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا اور اپنا مؤقف پیش کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر یہ میڈیا کو دیکھنا ہے کہ کون سا مؤقف بنیادی انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کے زمرے میں آتا ہے اور وہ کون سا مؤقف ہے جس سے ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ نمبر ون اور ریٹنگ کی دوڑ میں صحافتی اقدار کو کچلا جا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک امر ہے۔ انھوں نے ایک اہم موضوع پر سیمینار کا انعقاد کرنے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مبارک باد دی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افئیرز اور روز نامہ تحریک کے ایگزیکٹو ایڈیٹر نوراللہ صدیقی نے کہا کہ سچی خبر جاننا عام قاری کا حق ہے، میڈیا معلومات کی دستیابی کا ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ تربیت کا ایک مؤثر ٹول بھی ہے۔ سوسائٹی میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے سدباب کیلئے والدین، اساتذہ، علما اور میڈیا کا کردار مرکزی ہے۔

رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ شعبہ صحافت کے لیے ایک ذمہ دار، محب وطن اور ماہر کھیپ تیار کر رہا ہے ان شاء اللہ تعالیٰ منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارغ التحصیل ابلاغ عامہ کے طلباء ٹرینڈ سیٹلر ثابت ہوں گے۔

تقریب میں ڈین سوشل سائنسز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر خواجہ القما، ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر روبینہ سعید، ڈائریکٹر ایڈمن میجر سلمان، شافع بھٹی، سیکرٹری سیکرز کلب عمارہ مقصود قادری، منہاج القرآن پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ سے عبدالحفیظ چوہدری، حاجی محمد اسحاق، عابد بشیر سمیت لیکچررز، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top