منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کشمیر کے برفانی علاقوں کنڈل شاہی وادی کشمیر میں امدادی سرگرمیاں

minhaj welfare foundation

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کنڈل شاہی وادی کشمیر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مستحق خاندانوں میں ونٹر پیکیج تقسیم کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعضا جما دینے والی سردی میں منہاج ویلفیئر کے رضا کاروں کا انسانی خدمت کا جذبہ خون گرما دینے والا ہے۔ اللہ رب العزت یہ جذبہ سلامت رکھے اور اس کا اجر عظیم عطاء کرے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مسلسل تین روز سے وادی نیلم کشمیر کے دور افتادہ دیہاتوں میں گھروں میں محصور مستحقین میں گرم کپڑوں، راشن، رضائیوں، جرابوں، دستانوں پر مشتمل خصوصی ونٹر پیکیج تقسیم کیے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا کہ الحمدللہ شدید سردی کے موسم میں اللہ نے منہاج ویلفیئر کو مستحقین کی گھروں کی دہلیز پر جا کر مدد کرنے کی توفیق بخشی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں ایک نظم و ضبط کے تحت روبہ عمل آتی ہیں۔ سب سے پہلے ہماری خصوصی ٹیمیں سرویز کے ذریعے مستحقین کی فہرستیں تیار کرتی ہیں اور پھر ان کے گھروں کے قریب ترین جا کر ایک ڈسپلن کے تحت انہیں موسمی لباس اور خوراک پر مشتمل خصوصی پیکیج دئیے جاتے ہیں۔ انسانی ہمدردی، نظم و ضبط اور شفافیت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی پہچان ہے۔ ہم تمام مخیر حضرات سے کہتے ہیں کہ ان کا سہارا بنیں جن کا کوئی سہارا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حفظان صحت کے اصولوں اور کورونا ایس او پیز کا پورا خیال رکھتے ہوئے کام کرتی ہے۔ سید امجد علی شاہ نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کی وہ ممتاز علمی شخصیت ہیں جنہوں نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے خدمت دین اور خدمت انسانیت کو یکجا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کی امدادی سرگرمیوں کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے کا مکمل تعاون حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گھروں کی دہلیز کے قریب ترین ونٹر پیکیج وصول کرنے پر مستحقین دعائیں دیتے ہیں۔ یہی دعائیں ہمارے جذبوں کی استقامت اور ایمان کی سلامتی کا ذریعہ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top