مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ 9 فروری کو حقوق طلبہ ریلی نکالے گی

طلباء تنظیموں کو تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا: عرفان یوسف

MSM Meeting

لاہور (30 جنوری 2022) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی، صوبائی، عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے مطالبہ کیا کہ جی ڈی پی کا 5 فیصد تعلیم کے لئے مختص کیا جائے۔ تعلیمی بجٹ میں کرپشن کے خاتمے کے لئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔ یونیورسٹیز کی فیسوں میں کمی کی جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام 9 فروری کو ملک بھر میں پر امن حقوق طلباء ریلیز نکالی جائیں گی۔

چوہدری عرفان یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ طلباء تنظیموں کو تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا، شعبہ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط بنیادوں کی علامت ہے، افسوس پاکستان میں شعبہ تعلیم کسی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی کمی، فیسوں میں اضافے، تعلیم کا گرتا ہوا معیار، کم بجٹ، تحقیق کی کمی، گھوسٹ تعلیمی ادارے سب ہمارے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پر امن حقوق طلباء ریلیز میں ملک کے ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی کے قیام، تعلیم کے فروغ کے لئے سالانہ ملکی بجٹ کا 5فیصد، یونیورسٹیز کی فیسوں میں کمی جیسے مطالبات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے طلباء تنظیموں کے کردار کے حامی ہیں۔

عرفان یوسف نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں ایسا نظام وضع ہونا چاہیے جس میں علم و ادب کو فروغ ملے امن، محبت، رواداری جیسے مثبت رویے عام ہوں۔ انتہاء پسندی سے بچ کر پیار محبت اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تشدد، غنڈہ گردی کی حوصلہ شکنی کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور تعلیمی ادارے طلباء کو درپیش مسائل کو زیر غور لاکر مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم طبقاتی ہے جو کہ محض طبقہ اولیٰ کے مفادات کا محافظ ہے۔ نظام تعلیم جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہونے کے سبب کارآمد پروفیشنلز پیدا نہیں ہو رہے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ ہم طلباء یونین کی بحالی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ غیر طبقاتی تعلیمی نظام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تعلیمی نصاب کو طلباء کے ساتھ مشاورت سے ازسر نو ترتیب دیا جائے۔ سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ طلباء میں تنقیدی سوچ فروغ پائے، نفرت اور انتہاء پسندی کا خاتمہ ہو۔

اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ فرحان عزیز، صدر شمالی پنجاب میاں انصر محمود، صدر جنوبی پنجاب راشد مصطفوی، صدر آزاد جموں کشمیر راجہ عطا ء المصطفی، صدر لاہور محسن اقبال، صدر وسطی پنجاب رانا طاہر، اسامہ مشتاق، احمد حسن سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top