منہاج یونیورسٹی لاہور میں ’’فاؤنڈرز ڈے‘‘ تقریب کا انعقاد

Dr Tahir ul Qadri birthday ceremony by Minhaj University Lahore

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کی مناسبت سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ’’فاؤنڈرز ڈے‘‘ کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ 11 / 7 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یورپ میں مسلمانوں کے لئے حالات بہت تکلیف دہ ہو گئے تھے ان حالات میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ دے کر ثابت کیا کہ اسلام انسانیت کا محافظ دین ہے اس کا انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس فتویٰ سے یورپ سمیت مغربی دنیا میں رہنے والے مسلمان خاندانوں کو حوصلہ ملا، یہی نہیں ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے منہاج یونیورسٹی لاہور سمیت سینکڑوں ادارے بنائے جہاں قوم کے لاکھوں بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ انھوں نے مغرب میں آباد مسلمان نوجوانوں کے ایمان اور کردار کی حفاظت کے لیے منہاج القرآن کے ادارے قائم کئے ان اداروں سے آئندہ نسلیں بھی مستفید ہوتی رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دوست ہونے پر فخر ہے اور یہ دوستی 30 سال سے قائم ہے۔

گورنر پنجاب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71 ویں سالگرہ کا ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈا پور، ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، سید نور، بریگیڈیئر (ر)اقبال احمد خان، بیرسٹر عامر حسن کے ہمراہ کیک کاٹا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ علم و امن کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم علمی و دینی خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

فاؤنڈرز ڈے کی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خاں، فلم ساز، ہدایتکار سید نور، معروف کامیڈین ہنی البیلا، افتخار ٹھاکر، نبیل گبول اوراظہر رنگیلا نے شرکت کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارک باد دی، عالمی شہرت یافتہ وائلن نواز استاد رئیس احمد خاں نے وائلن پر تاجدار حرم دھن بجا کر سماں باندھ دیا۔ نامور صوفی و کلاسیکل گائیک وحدت رمیز نے تقریب میں اپنی خوبصورت آواز میں حمد، نعت اور صوفیانہ کلام پیش کئے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے فاؤنڈرز اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز کی سالگرہ کی خوشی میں منہاج یونیورسٹی کی طرف سے نئے سپرنگ ایڈمیشن میں طلبہ کے لیے فیس میں خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا، اس موقع پر منہاج یونیورسٹی کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے سٹاف کے لئے عمرہ قرعہ اندازی بھی ہوئی جس میں میمونہ کنول، حنا شہزادی اور طلبہ کیٹیگری میں سے شہریار محمد اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی سے گوہر رشید بٹ کے عمرہ کے ٹکٹس نکلے۔ منہاج یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر محمد ممتازالحسن نے ریسرچ ایکسیلنس ایوارڈ، ڈاکٹر نادیہ جبیں نے بیسٹ ریسرچ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایوارڈ اور ڈاکٹر اعجاز اسلم نے بیسٹ ریسرچ سوشل سائنسز کا ایوارڈ جبکہ وقاص شیخ نے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ حاصل کیا۔ جنھیں منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مبارک باد دی۔ تقریب میں ڈاکٹر طاہرالقادری میرٹ اسکالر شپ کے تحت 20 سے زائد طلبہ کو اسکالرشپ دیا گیا۔

تقریب میں جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ، جواد حامد، رانا فیاض احمد، محمد عباس نقشبندی، کرنل (ر) مبشر اقبال، عبدالرحمان مقصود، راشد کلیامی، قاضی فیض الاسلام، شہزاد رسول، حاجی اسحق، سہیل رضا، الطاف حسین رندھاوا، عابد بشیر، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ سمیت فیکلٹی ممبران، اساتذہ اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Dr Tahir ul Qadri birthday ceremony by Minhaj University Lahore

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top