ایثار اہل ایمان کی خاص پہچان اور تبلیغ دین کا مؤثر ذریعہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
ایثار و ہمدردی کا رویہ اپناتے ہوئے دوسروں کی ضروریات کو ترجیح دینا ہو گی
نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (25 فروری 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ اللہ کریم کی خوشنودی، معرفت اور رضا حاصل کرنے کیلئے دوسروں کی ضروریات کو اپنی ضرویات اور حاجات پر ترجیح دینا ہی ایثار ہے۔ ایثار اہل ایمان کی خاص پہچان اور تبلیغ دین کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ دین اسلام بقائے باہمی کا نہ صرف نظریہ پیش کرتا ہے بلکہ اس عظیم نظریے کو اپنانے کی تعلیم و ترغیب بھی دیتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں ایک اہم ترین سبق محبت، ایثار اور ہمدردی کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ اور سیرت طیبہ کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ آ پ ﷺ کی مجلس میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز پیش کی جاتی تو حضور اکرم ﷺ مجلس میں موجود صحابہ کرام کو پہلے پیش کرتے اور آخر میں خود تناول فرماتے یہی وہ خوبصورت تعلیمات ہیں جنہیں صحابہ کرام نے اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ مصائب و مشکلات کے اس دور میں ایثار و ہمدردی کی اہمیت و ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ ایثار و ہمدردی کا رویہ اپناتے ہوئے دوسروں کی ضروریات کو ترجیح دینا ہو گی تاکہ معاملات میں آسانیاں پیدا ہو سکیں۔ معاشرے کا ہر فرد اس صفت کو اپنا سکتا ہے۔ ایثار و ہمدردی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہم ایک مثالی اور پر امن معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کے جس اسوہ حسنہ اور خلق عظیم کی اتباع کی ہمیں تاکید کی گئی ہے ایثار کی صفت بھی اس کا ایک جزو ہے، اخلاق حمیدہ میں سے ایک ایثار بھی ہے۔ اخوت اسلامی کا تقاضا ہے کہ ہر انسان دوسرے انسان کی مشکلات میں کام آئے اور دنیاوی پریشانیوں و دکھوں کو دور کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی مسلمان کو دوسرے مسلمان سے تکلیف نہ پہنچے۔ تاجر ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی اور ماپ تول میں کمی کر کے اپنے مسلمان بھائی کی مشکلات میں اضافے کا سبب نہ بنیں۔
تبصرہ