نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام ملک گیر سالانہ امتحانات شروع، ہزاروں طلبا و طالبات شریک
وفاقی دینی تعلیمی بورڈ نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں پہلے سالانہ امتحانات 2022 کا آغاز 12 مارچ 2022ء کو ہو چکا ہے جس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے ہزاروں طلبہ و طالبات شریک ہیں۔ نظام المدارس کے تحت ملحقہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات 24 مارچ تک جاری رہیں۔
امتحانات کے لیے مرکزی ہیڈکوارٹر نظام المدارس پاکستان لاہور سمیت چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں بھی سینکڑو ں امتحانی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں طلباء امتحانات دے رہے ہیں۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے سینکڑوں کی تعداد میں مکمل مہارت یافتہ امتحانی عملہ کی تعیناتی کی گئی ہے۔ عملہ کی ٹریننگ کے لیے باقاعدہ ایک روزہ امتحانی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
ادھر نظام المدارس پاکستان کے مرکز لاہور پر مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے 500 امتحانی سنٹرز کی آن لائن مانٹیرنگ کی جا رہی ہے۔ نظام المدارس پاکستان کے مرکزی اور زونل عہدیدران، شعبہ امتحانات کے ذمہ داران سمیت مختلف تعلیمی ماہرین و عہدیداروں نے ملک گیر قائم کردہ امتحانی سنٹرز کا وزٹ بھی کیا ہے۔
نظام المدارس پاکستان کے شعبہ امتحانات کے ناظم اعلیٰ علامہ عین الحق بغدادی نے پہلے سالانہ امتحانات کے بہترین انعقاد، طلباء کے لیے اعلیٰ و معیاری سہولیات کی فراہمی اور بروقت انتظامات پر تمام ذمہ داران زونل و ضلعی کوآرڈنیٹیرز کو خصوصی مبارک باد بھی پیش کی ہے۔
تبصرہ