شاہد رشید کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی منہاج القرآن کے رہنماؤں کی شرکت
رہنماؤں نے شاہد رشید مرحوم کے بیٹے خدیر علی شاہد کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا
تحریک منہاج القرآن کے وفد میں شہزاد رسول، جواد حامد، حاجی محمد اسحق اور عابد بشیر شامل تھے
لاہور (14 مارچ 2022) نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید (مرحوم) کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و دعائیہ محفل کا انعقاد ایوان قائد اعظم جوہر ٹاؤن میں کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ محفل میں خصوصی شرکت کی۔ منہاج القرآن کے وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، حاجی محمد اسحق اور عابد بشیر شامل تھے۔ شاہد رشید مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ محفل میں سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، سلمان غنی، سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود، عثمان احمد کسانہ، نظریہ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران، کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے شاہد رشید مرحوم کے بیٹے خدیر علی شاہد کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہزاد رسول نے کہا کہ شاہد رشید (مرحوم) با اخلاق اور بہت ملنسار انسان تھے۔ شاہد رشید (مرحوم) کی سب سے بڑی خوبی ان کا حضور نبی اکرم ﷺ سے عشق اور پاکستان سے محبت تھی۔ شاہد رشید (مرحوم) نے ہمیشہ اپنی زبان اور قلم سے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کا کام لیا۔ انہوں نے کہاکہ شاہد رشید اپنے افکار و نظریات کی بدولت ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ دعائیہ تقریب میں موجود حاضرین نے شاہد رشید (مرحوم) کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بخشش و مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
تبصرہ