رمضان المبارک تربیت کا مہینہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 25 مارچ 2022ء

تاجر برادری اس ماہ مقدس میں ناجائز منافع خوری روکے
رمضان المبارک عبادت، اتفاق اور اتحاد کا درس دیتا ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
رمضان المبارک صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Jummah gathering

لاہور (25 مارچ 2022ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مقدس و بابرکت مہینہ آنے والا ہے۔ اس ماہ مبارک کے استقبال کی تیاریاں شعبان المعظم کے مہینے سے شروع ہو جاتی ہیں۔ رمضان المبارک رحمت، برکت اور مغفرت والا مہینہ ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ دراصل تربیت کا مہینہ ہے جس میں بھوکا رہنے اور دوسروں کی تکلیف اور بھوک کو سمجھنے کی تربیت و ترغیب ملتی ہے۔ تاجر برادری اس ماہ مقدس میں ناجائز منافع خوری روکے۔ حکومت مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ مساجد کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔ اس مبارک مہینے میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور نوازشات انہیں لوگوں کا مقدر بنتی ہیں جو اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہیں۔ رمضان المبارک کے روزے اور تراویح اسی تربیتی مہینے کا نصاب عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ قرآن حکیم میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ ”اے لوگو! تم پر رمضان کے روزے فرض کئے گئے ہیں تاکہ تمہارے اندر تقویٰ پیدا ہو“۔ روزے کا مقصد نفس کی تربیت ہے۔ روزے سے انسان کے اندر صبر، برداشت اور ضبط کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ دلوں کو صاف کر لیں، اللہ کے حضور توبہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ روزہ و تراویح کا پورا پورا حق ادا کریں۔ رمضان المبارک ہی وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب قرآن مجید کا نزول ہوا۔ رمضان المباک میں اللہ کریم جنت کے دروازے کھول دیتا ہے اور جہنم کے دروازے بند کر دیتا ہے۔ رمضان المبارک ایسا بابرکت مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی مغفرت فرماتا ہے اور جہنم سے نجات عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنا اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ہے۔ رمضان المبارک میں کی جانے والی عبادات روزہ، قیام، تلاوت قرآن حکیم، صدقہ و خیرات، اعتکاف و دیگر عبادات کی بڑی فضیلت ہے۔ ماہ صیام اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنے، نیکیاں سمیٹنے، اللہ تعالیٰ کی رضا اور مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ہے۔ رمضان المبارک عبادت، اتفاق اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ رمضان المبارک صبر کا مہینہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top