منہاج یونیورسٹی کا کرسچین طلباء کیلئے فیسوں میں خصوصی رعایت کا اعلان

مورخہ: 29 مارچ 2022ء

وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور چیئرمین کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن لاہور کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
مفاہمتی یادداشت سے 350 سے زائد کرسچین سکولوں میں زیرتعلیم مستحق طلباء کو فائدہ پہنچے گا
بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات کے معترف ہیں: آرچ بشپ

Minhaj University announces special discount in fees for Christian students

لاہور (29 مارچ 2022ء) منہاج یونیورسٹی لاہور اور کیتھولک بورڈآف ایجوکیشن لاہورکے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ابن سینا میٹنگ ہال منہاج یونیورسٹی میں منعقدہ پروقار تقریب میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور چیئرمین کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن لاہور آرچ بشپ ڈیواسس آف لاہور سبسٹین فرانسس نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن کے زیرانتظام 350 سے زائد سکولوں میں زیرتعلیم مستحق کرسچین طلبہ کو منہاج یونیورسٹی کے تمام ڈگری پروگرامز میں تعلیم حاصل کرنے پر فیسوں میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

اس موقع پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ احترام ادیان اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا ہے اور اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تمام مذاہب سے وابستہ طلبہ کیلئے منہاج یونیورسٹی لاہور میں ڈیپارٹمنٹ آف ریلجن اینڈ فلاسفی کی بنیاد رکھی جہاں تمام مذاہب کے طلبہ اپنے مذہب کے مطابق تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی ''تعلیم سب کیلئے'' کے مشن پر عمل پیرا ہے اور معاشرے کے محروم طبقات تک تعلیم و تحقیق کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن کے زیرانتظام سکولوں کے طلبہ کو منہاج یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے پر فیسوں میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

آرچ بشپ ڈیواسس آف لاہور سبسٹین فرانسس نے تقریب میں اظہار خیا ل کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب رواداری اور تعلیم کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ منہاج یونیورسٹی کی جانب سے کرسچین کمیونٹی کے مستحق طلبہ کو فیسوں میں خصوصی رعایت دینے پر منہاج یونیورسٹی انتظامیہ کے انتہائی شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر فخر محسوس کرتے ہیں اس معاہدے سے کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن سے وابستہ ہزاروں مستحق طلبہ مستفید ہوں گے۔

مفاہمتی یادداشت تقریب میں سی ای او نیشنل کیتھولک ایجوکیشن کمیشن عاشر جاوید، ایگزیکٹو سیکرٹری کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن اعجاز یوسف بھٹی، ڈائریکٹرانٹرفیتھ ریلیشنز، منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل رضا، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹر انٹرنیشنل لنکجز ڈاکٹر محمدآصف امین ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر بلال ظفر اور لیکچرار پیس اینڈ کاؤنٹر ٹیررازم محمد قاسم خان نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top