منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک میں ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

نماز فجر کے بعد شروع ہونے والے دروس قرآن میں ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر رہے ہیں
زکوۃ اللہ کریم کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر بجا لانے کا بہترین ذریعہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
5 رمضان المبارک کو علامہ رانا نفیس حسین قادری، علامہ فیاض بشیر و دیگر سکالرز درس عرفان القرآن دیں گے

minhaj ul quran

لاہور (6 اپریل 2022) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ نماز فجر کے بعد شروع ہونے والے دروس قرآن میں ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر رہے ہیں۔ مذہبی، سیاسی سماجی، علمی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی دروس عرفان القرآن میں شرکت کر رہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے سکالرز نے اپنے خطابات میں اس بات پر زوردیا کہ رمضان المبارک کا مقصد فلاح، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے فیروز پور روڈ لاہور میں زکوۃ اور اسکی اہمیت کے موضوع پر درس عرفان القرآن دیتے ہوئے کہا کہ ارکان اسلام میں نماز کے بعد دوسرا اہم ترین رکن زکوۃ ہے۔ قرآن حکیم میں 82 مقامات وہ ہیں جہاں نماز اور زکوۃ کی فرضیت کا حکم یکجا وارد ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زکوۃ محض ناداروں کی کفالت اور دولت کی تقسیم کا ایک موزوں تریں عمل ہی نہیں بلکہ ایک ایسی عبادت ہے جو قلب و روح کا میل کچیل بھی صاف کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زکوۃ اللہ کریم کی عطا کی ہوئی بے حساب نعمتوں کے اعتراف اور اس کا شکر بجا لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔

زکوۃ کی ادائیگی ایک مسلمان کو یاد دلاتی ہے کہ جو دولت وہ کماتا ہے وہ حقیقت میں اسکی ملکیت نہیں بلکہ اللہ پاک کی دی ہوئی امانت ہے یہی وہ احساس ہے جو انسان کو معاشی بے راہ روی سے بچاتا ہے۔ حضور اکرم ﷺ کا ارشاد ہے کہ ”معاشی معاملات دین کا حصہ ہیں“۔ انہوں نے کہا کہ جب انسان دولت جیسی نعمت اللہ کے حکم پر خرچ کرتا ہے تو مالک کائنات اس کے ایثار کو پسند فرماتے ہوئے خرچ کئے ہوئے مال کو اپنے ذمے قرض قرار دیتا ہے۔ زکوۃ کے نظام سے دولت کا ایک دھارا امیر طبقے سے غریب طبقے کی جانب مڑ جاتا ہے جس سے غریب کی معاشی حالت بہت ہوتی ہے۔

5 رمضان المبارک کو صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ فیاض بشیر، علامہ لطیف مدنی، علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد و دیگر سکالرز مختلف موضوعات پر دروس عرفان القرآن دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top