تاجر برادری رمضان المبارک میں عوام الناس کے لئے سہولتیں پیدا کرے: علامہ رانا محمد ادریس

دیانت، صداقت وہ زریں اصول ہیں جو کاروبار کو درپیش مسائل کا جامع حل پیش کرتے ہیں
رمضان المبارک رحمت، بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے: نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس

minhaj ul quran

لاہور (8 اپریل 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ تاجر برادری رمضان المبارک میں عوام الناس کے لئے سہولتیں پیدا کریں۔ منافع کی شرع کو کم کرکے ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری جیسے برے عمل سے بچیں۔ ماہ رمضان المبارک میں تاجروں کا یہ فرض بنتا ہے کہ مہنگائی ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کو ختم کر دیں۔ عبادات بھی اس وقت قبول ہوں گی جب ہم سچ بولیں گے، ناپ تول پورا رکھیں گے اور اپنے مسلمان بھائی کے لئے تکلیف کا باعث نہیں بنیں گے۔ رمضان المبارک رحمت، بخشش اورمغفرت کا مہینہ ہے۔ مصنوعی مہنگائی ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی اللہ کریم کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ رمضان المبارک نعمتوں، رحمتوں کی برسات کا موسم ہے ایسے عمل سے بچیں کہ دنیاوی منافع کے کاروبار میں اس بابرکت مہینے کی برکتوں سے محروم ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امانت، دیانت، صداقت اور جذبہ اخوت وہ زریں اصول ہیں جو کسی بھی کاروبار کو درپیش مسائل کا جامع حل پیش کرتے ہیں۔ دین اسلام نے جس کاروبار ی اخلاقیات کی تعلیم دی ہے اس پر عمل کرنے سے اللہ کریم کی رضا و خوشنودی تو حاصل ہوتی ہی ہے۔ اس کے علاوہ دنیاوی زندگی میں بھی کامیابیاں حاصل ہوتی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ معاشی برائیوں کا حل وسائل کے درست استعمال میں ہے نہ کہ زیادہ سے زیادہ دولت اکھٹی کرنے کے بے رحم مقابلے میں سر دھڑ کی بازی لگا دینے میں ہے۔ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”خرچ میں میانہ روی آدھی معیشت ہے“ انہوں نے کہا کہ خرچ کرنے میں اعتدال کی راہ اپنانے والے کبھی مالی بدحالی کا شکار نہیں ہوتے۔ معاشی خوشحالی کی کنجی اپنے وسائل میں رہ کر گزارہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”اعتدال کی راہ اپنانے والا کبھی بھی غربت کا شکار نہیں ہو گا“۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top