منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک میں ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

زکوۃ ایک ایسی عبادت ہے جو قلب و روح کو پاکیزہ کرتی ہے: علامہ رانا محمد ادریس
زکوۃ اللہ کریم کی نعمتوں کا اعتراف اور شکر بجا لانے کا بہترین ذریعہ ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
مسلمان کی زندگی میں کسب حلال کو بنیادی اہمیت حاصل ہے: علامہ رانا نفیس حسین قادری
50 سے زائد شہروں میں جاری دروس عرفان القرآن میں ہزاروں مرد و خواتین کی شرکت

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینے میں ملک گیر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سمیت 50 سے زائد شہروں میں سینکڑوں مقامات پر نماز فجر کے بعد شروع ہونے والے دروس عرفان القرآن میں ہزاروں مرد و خواتین مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی دروس عرفان القرآن میں شرکت کر رہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے سکالرز دروس عرفان القرآن میں اپنے خطابات میں اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ رمضان المبارک کا مقصد فلاح، ہمدردی، بھائی چارہ، خیر، درگزر اور حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔

نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے لاہور میں ”زکوۃ اور اس کی اہمت“ کے موضوع پر درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ اسلام کا اہم ترین رکن ہے۔ نماز کے بعد زکوٰۃ ہی کا درجہ ہے۔ قرآن حکیم میں ایمان کے بعد نماز اور زکوۃ کا جابجا ذکر ملتا ہے۔ زکوۃ ایک ایسی عبادت ہے جو قلب اور روح کو پاکیزہ کرتی ہے۔ انسان کو اللہ کریم کا مخلص بندہ بناتی ہے۔ زکوۃ اللہ کریم کی نعمتوں کا اعتراف اور شکر بجا لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا مسلمان وہی ہے جو اللہ کی راہ میں اس کی خوشنودی کیلئے خرچ کرتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری نے”رزق حلال کی اہمیت اور برکت“ کے موضوع پر درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کسب حلال کو ایک عظیم نیکی، باعث اجر و ثواب عمل قرار دیتا ہے۔ دین اسلام ناجائز اور حرام مال کو وبال اور گناہ کا بنیادی سبب قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کی زندگی میں کسب حلال کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات سے ہمیں اس حوالے سے بھر پور رہنمائی ملتی ہے۔ کسب حلال اور رزق طیب کی بے شمار برکات ہیں۔ رزق حلال سے خیر کے امور صادر ہوتے ہیں، بھلائیاں پھیلتی ہیں۔ رزق حلال نیکیوں کی اشاعت کا سبب بنتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top