منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام یوم وصال سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ و یوم بدر کے موقع پر دعائیہ تقریب
سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کا اسوہ قیامت تک کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے: ڈاکٹر فرح ناز
غزوہ بدر اہل ایمان کی شاندار فتح اور کامیابی کا دن ہے: سدرہ کرامت
لاہور (19 اپریل 2022) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کے یوم وصال اور یوم بدر کے موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم خواتین ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کی پاکیزہ سیرت و کردار سے رہنمائی حاصل کریں۔ خواتین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کو اپنا آئیڈیل بنا کر اپنی زندگی کو اسلامی سانچے میں ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کی تعلیمات کو اپنا کر معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کا اسوہ قیامت تک کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ علم و حکمت کا بحربیکراں تھیں۔
مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزوہ بدر حق و باطل کے درمیان پہلا فیصلہ کن معرکہ ہے۔ غزوہ بدر میں دین اسلام کو عظیم و الشان فتح نصیب ہوئی۔ غزوہ بدر کی تاریخٰی فتح دین اسلام کی عالمگیر ترویج و اشاعت کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ غزوہ بدر پوری انسانیت کو سلامتی و امن دینے کا نقطہ آغاز تھا۔ انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر اہل ایمان کی شاندار فتح اور کامیابی کا دن ہے۔
دعائیہ تقریب میں ارشاد اقبال، انیلا الیاس، نورین علوی، امہ حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر، کلثوم قمر سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ