صحبت سے انسانی مزاج اور رجحانات ترتیب پاتے ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

نوجوان بری صحبتوں اور برے خیالات کو ناپسندیدہ فون کالز کی طرح بلاک کر دیں
منہاج القرآن کا شہر اعتکاف ایک عظیم تربیت گاہ ہے: میاں منظور وٹو/ اظہر زیدی

Dr Tahir ul Qadri addresses Mutakifeen in Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

لاہور (27 اپریل 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ”باطنی امراض اور ان کا اعلاج“ کے موضوع پر معتکفین اور خصوصی طور پر آئے ہوئے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید نے برائی سے یک لخت رک جانے اور استطاعت کے مطابق عبادت و ریاضت کی تعلیم دی ہے۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بتدریج برائی سے دور ہو جائیں گے تو یہ شیطانی وسوسہ ہے۔ نوجوان بیٹے اور بیٹیاں برائی اور برے خیالات کو اُسی طرح بلاک کردیں جس طرح ناپسندیدہ فون کالز کو بلاک کر دیا جاتا ہے۔ جب تک آپ برائی کی سوچ اور اس کے اثرات کے زیر اثر رہیں گے آپ کی شخصیت اور مزاج پر نیکی کے ثمرات کبھی ظاہر نہیں ہو سکیں گے۔ نیکی اور برائی دو انتہائیں ہیں یہ ایک ساتھ نہیں چل سکتیں، ان کو ایک ساتھ چلانے کی کوشش دھوکہ اور منافقت ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ یتیم کا حق بھی کھائیں اور صدقہ خیرات بھی کریں، ناجائز منافع خوری کر کے غریب کے بچوں کے منہ سے نوالے بھی چھینیں اور پھر حج بھی کریں۔ دوسروں کا مال ناحق ہڑپ کریں اور صدقے میں بکرے بھی قربان کریں۔ یہ منافقت اور ریاکاری ہے۔ ساری زندگی اس ریاکاری کا کسی کو کچھ فائدہ نہیں ہو گا۔

شہر اعتکاف میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق منیجر اظہر زیدی بھی خصوصی طور پر آئے، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف تفہیم دین اور کردار سازی کے حوالے سے ایک عظیم تربیت گاہ ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے افطار شہر اعتکاف میں کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ فتنوں، افراتفری، مایوسی، بے راہ روی کے اس دور میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں ہمارے بچوں کے اخلاق اور کردار درست کرنے والی شخصیت موجود ہے۔ پی سی بی کے سابق منیجر اظہر زیدی نے شہر اعتکاف میں شب بیداری کی اور اس بات پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری باطنی امراض کا قرآنی علاج کر رہے ہیں اور بھٹکے ہوئے کو صراط مستقیم دکھارہے ہیں۔ ایسی علمی ہستیوں کا وجود نعمت ہے۔

دریں اثنا شہر اعتکاف میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے معتکفین کے مختلف حلقہ جات میں اخلاق حسنہ کے موضوعات پر تربیتی لیکچرز دئیے۔ مفتی اعظم عبدالقیوم خان ہزاروی نے مختلف شرعی امور پر معتکفین کے سوالات کے جوابات دئیے۔ مفتی عبدالقیوم ہزاروی نے کہا کہ تفقہ فی الدین واجبات میں سے ہے۔ ہر کلمہ گو انسان کو اپنی شرعی زندگی کے بارے میں معلومات رکھنی چاہئیں تاکہ وہ قرآن و سنت اور مصطفوی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کر سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top