قلب سلیم اللہ کے سوا کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین (مرد و خواتین) سے پانچویں روز ”طہارۃ القلوب (باطنی امراض اور ان کا علاج)“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان فطرت صحیحہ پر پیدا ہوتا ہے۔ کوئی انسان برائی کے ساتھ پیدا نہیں ہوتا۔ برائی کے اثرات صحبت سے ملتے ہیں اور انسان کو پیدائش کے بعد سب سے پہلے گھر والوں کی صحبت ملتی ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر شخص میں ہر برائی ہو۔ مختلف انسانوں میں مختلف برائیاں ہوتی ہیں۔ کسی میں ایک، کسی میں دو اور کسی میں زیادہ برائیاں ہو سکتی ہیں۔ اگر برائی اپنا مستقل ٹھکانہ بنا لے تو تباہی و بربادی تک لے جاتی ہے۔ قلبِ سلیم اللہ کے سوا کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا اور ہر وقت خالق کی اطاعت میں مگن رہتا ہے۔ دنیا میں رہتا ہے مگر دنیا کے برے اَثرات سے محفوظ رہتا ہے۔ فضا میں موجود گرد بظاہر نظر نہیں آتی مگر اپنا وجود رکھتی ہے۔ اسی طرح ظاہراً نادیدہ اَشیاء بسا اوقات وسوسے کا باعث بن جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا برائی کو پہلی دستک پر ہی ردّ کر دو، اور اس بات پر غور کرو کہ برے خیال نے آپ کے دل پر دستک کیوں دی ہے؟ اگر اس سے بے فکر ہو گئے تو ہلاک ہو جاؤ گے۔ جس بندے کا جسم مُردہ ہو جائے وہ دنیا سے دور ہو جاتا ہے۔ اِسی طرح جس کا دل مُردہ ہو جائے وہ اپنے مولا سے دور ہو جاتا ہے۔
تبصرہ