سید نور، صائمہ نور کا آغوش آرفن کیئر ہوم کا دورہ، یتیم بچوں کے ساتھ کھانا کھایا

مورخہ: 09 جون 2022ء

صائمہ نور نے تین سالہ یتیم احمد رضا کو گود میں اٹھایا اور پیار کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں
ڈاکٹر طاہر القادری اسلام اور انسانیت کی شاندار خدمت کر رہے ہیں: سید نور کی گفتگو
سید نور، صائمہ نور نے گوشۂ درود کا بھی دوہ کیا، درود پاک کا نذرانہ پیش کیا

Syed Noor and Saima Noor visit Aghosh Orphan Care Home

لاہور (9 جون 2022ء) ممتاز ہدایت کار، رائٹر، فلمساز سید نور اور ان کی اہلیہ معروف آرٹسٹ صائمہ نور نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فلاحی ادارے ”آغوش آرفن کیئر ہوم“ کا دورہ کیا اور پورا دن یتیم بچوں کے ساتھ گزارا۔ سید نور اور صائمہ نور نے دوپہر کا کھانا یتیم بچوں کے ہمراہ بیٹھ کر کھایا۔ صائمہ نور معصوم بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اور انہیں پیار کیا۔ آغوش آرفن کیئر ہوم پہنچنے پر ڈائریکٹر کرنل (ر) مبشر اقبال نائب ناظم اعلیٰ نور اللہ صدیقی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، عبدالحفیظ چوہدری، شبیر احمد، طیب ضیاء نے استقبال کیا۔

صائمہ نور نے ساڑھے تین سال کے یتیم بچے عمر خان کو گود میں اٹھایا اسے پیار کیا اور آبدیدہ ہو گئیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یتیم کا سہارا بننا سب سے بڑی عبادت اور انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے یتیموں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کیلئے عظیم الشان ادارہ قائم کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈائریکٹر آغوش کرنل(ر) مبشر اقبال نے بریفنگ میں بتایا کہ یہ آغوش آرفن کیئر ہوم 2005میں کشمیر میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کیلئے بنایا تھا۔ انہوں نے بتایا کشمیر کے زلزلے میں یتیم ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 7 سال کے لگ بھگ تھیں اور وہ تمام بچے اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد باعزت روزگار پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک یتیم بچے نے حال ہی میں فوج میں کمیشن حاصل کیا اور وہ آج کل کیپٹن کے عہدے پر ہے۔ کرنل (ر) مبشر نے مزید بتایا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم یتیم بچوں اور بچیوں کا گھر ہے ہم ان کی شادیاں بھی کرواتے ہیں۔

سید نور اور صائمہ نورکو آغوش آرفن کیئر ہوم کے مختلف ڈیپارٹمنٹس اور رہائشی ایریا کا دورہ بھی کروایا گیا۔ سید نور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر مجھے اپنے خدا سے قربت کا احساس ہو رہا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے جہاں بھی قدم رکھا وہ اپنی مثال آپ بن گئے مگر آغوش آرفن کیئر ہوم میں یتیم بچوں کی کیئر دیکھ کر میرا دل خوشی سے جھوم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم ہونا کوئی محرومی نہیں ہے، ہمارے آقا حضور نبی اکرم ﷺ بھی یتیم تھے اور انہوں نے پوری انسانیت کو تحفظ دیا اور وہ پوری انسانیت کیلئے رحمۃ للعالمین تھے۔ سید نور اور صائمہ نور نے یتیم بچوں کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔

دریں اثناء سید نور اور صائمہ نور نے منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے انہیں خوش آمدید کہا اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے تدریسی امتیاز پر گفتگو کی اور بتایا کہ یہاں 150 انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرام چل رہے ہیں۔ سید نور اور صائمہ نور منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا اور کچھ وقت گوشۂ درود میں گزارا اور حضور نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں درود پاک کا ہدیہ پیش کیا۔

مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر نائب صدر بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان اور ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، عابد بشیر نے انہیں خوش آمدید کہا۔ سید نور اور صائمہ نور نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے بھی ملاقات کی۔ سید نور نے چیئرمین سپریم کونسل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نسلوں کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کا ایک عظم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت شیخ الاسلام اور ادارہ منہاج القرآن کو سلامت رکھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top