منہاج ویلفیئر نے قربانی مہم 2022کے ایس او پیز جاری کر دئیے

مورخہ: 18 جون 2022ء

جانوروں کی خریداری شروع، گرم موسم میں گوشت کے ٹمپریچر کو نارمل رکھنے کے انتظامات مکمل
مستحقین تک گوشت پہنچانے کیلئے رضاکاروں کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، خرم نواز گنڈاپور
جدید سلاٹر ہاؤس سینکڑوں گائیں، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کیے جائیں گے: سیکرٹری قربانی مہم خرم شہزاد
اجلاس میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، عبدالرحمان، ایوب انصاری، شکیل طاہرکی شرکت

Collective Qurbani by Minhaj Welfare Foundation

لاہور (18 جون 2022) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و سربراہ قربانی مہم 2022 خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہر سال عید الاضحی پر ہزاروں جانور اللہ کی راہ میں قربان کر کے سنت ابراہیمی کو ادا کیا جاتا ہے۔ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 31 سال قبل اجتماعی قربانی مہم کا آغاز کیا تھا جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے بلاتعطل جاری ہے۔ حفظان صحت کے اصولوں کے تحت قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے اور گوشت تیار کرنے کیلئے جدید سلاٹر ہاؤس کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم صاحب حیثیت مسلم شہریوں کو فریضہ قربانی کی ادائیگی کی سہولت مہیا کرتا ہے۔

عیدالاضحی پر قربانی کا مقصد جانور ذبح کرنا ہے مگر اس کی اصل روح تقویٰ اور اخلاص کی آبیاری ہے، قربانی کی قبولیت کا انحصار دکھلاوے پر نہیں بلکہ خالصیت پر ہوتا ہے، جہاں اخلاص نہ ہو وہاں قبولیت بھی نہیں ہوتی، اسوۂ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پیروی کا اصل مقصد جانور ذبح کرنا، نفسانی خواہشات کی تکمیل اور دکھلاوا نہیں بلکہ طلب رضائے الٰہی ہے، قربانی کے ذریعے انسان کے دل میں اللہ تعالیٰ کی عظمت، انبیائے کرام علیہم السلام سے محبت، خلوص و ایثار کا جذبہ پروان چڑھتا ہے، قربانی کا اصل فلسفہ تقویٰ اور اللہ کی رضا کا حصول ہے، اگر اسی جذبے سے قربانی کی جائے تو یقیناً وہ بارگاہ الٰہی میں شرف قبولیت کی سند پاتی ہے۔ قربانی اسلامی تعلیمات کا ایک اہم حصہ، اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ اور مالی عبادت ہے۔

قربانی مہم کے ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جانوروں کی خریداری شروع کر دی گئی ہے، مستحقین تک قربانی کا گوشت اور حصہ داران تک بر وقت حصہ جات پہنچانے کیلئے رضا کاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، صفائی اور شدید گرم موسم میں گوشت کے ٹمپریچر کو نارمل رکھنے اور بلاتاخیر حصے داران و مسحقین تک گوشت کی فراہمی ایس او پیز کے نمایاں پہلو ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں قربانی مہم 2022کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے ہدایات جاری کیں کہ الائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کو فالو کیا جائے۔ اجلاس میں نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، عبد الرحمان، شفقت ندیم، ایوب انصاری، شکیل طاہر، سیکرٹری قربانی مہم 2022 خرم شہزاد نے شرکت کی۔

خرم شہزاد نے اجلاس میں موجود رہنماؤں کو قربانی مہم 2022 کے سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ معیار، اعتماد اور احساس ذمہ داری منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا طرۂ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اس سال بھی لاہور سمیت دیگر شہروں میں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ قربانی کا گوشت غربا، مساکین اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی گئی مرکزی قربان گاہ میں سیکڑوں گائیں، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گائے کا فی کس حصہ 17000، دنبہ و چھترا 27000 اور بکرا 35000 مقرر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بکنگ کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ، مرکزی دفتر اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top