قدوۃ الاولیاء حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادریؒ کے 31ویں عرس مبارک کی تقریبات شروع

مورخہ: 23 جون 2022ء

31ویں عرس مبارک کے موقع پر دربار غوثیہ میں خصوصی روحانی و دعائیہ تقریب کا انعقاد
پیر السید عبدالقادر جمال الدین الگیلانی، السید احمد نورالدین الگیلانی، السید یحیی شمس الدین الگیلانی کی شرکت
خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، شہزاد رسول قادری، حافظ عابد بشیر سمیت رہنماؤں و عقیدت مندوں کی شرکت

Huzoor Pir Syeduna Tahir AllaudDin Urs ceremony

لاہور (23 جون 2022) تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء حضرت پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی ابغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے 31ویں عرس مبارک کے موقع پر دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) لاہور سمیت دنیا بھر میں روحانی و دعائیہ تقریبات شروع ہو گئیں۔ دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن میں 31ویں عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز تلاوت قرآن مجید، نعت رسول مقبول ﷺ اور مزار مبارک کے غسل مبارک و چادر پوشی سے ہوا۔

جگر گوشۂ قدوۃ الاولیاء پیر السید عبدالقادر جمال الدین القادری الگیلانی البغدادی، صاحبزادہ السید احمد نورالدین القادری الگیلانی، صاحبزادہ السید یحیی شمس الدین القادری الگیلانی نے غسل مبارک و چادر پوشی اور عرس مبارک کی تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، حاجی امین الدین قادری، شہزاد رسول قادری، حافظ امین الدین القادری، عابد بشیر قادری، حافظ محمد اصغر قادری، حاجی محمد یوسف موتی والا، قاری محمد افضل قادری، رانا محمد اشرف قادری، ملک محمد اشرف قادری سمیت منہاج القرآن کے رہنماؤں، کارکنان، بزم قادریہ اور عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

غسل مبارک و چادر پوشی کی تقریب میں دربار شریف پر موجود نعت خوان حضرات اور حاضریں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کر کے ایک روحانی و وجدانی کیفیت پیدا کر دی۔ جگر گوشہ قدوۃ الاولیا پیر السید عبد القادر جمال الدین القادری الگیلانی البغدادی نے ملکی سلامتی، خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔ 31 ویں عرس مبارک کے سلسلے میں دربار غوثیہ پر عظیم الشان محفل نعت و دعائیہ تقاریب کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محفل نعت میں عالمی شہرت یافتہ نعت خوان بحضور سرور کونین ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top