منہاج القرآن نے قربانی مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی

مورخہ: 28 جون 2022ء

قربانی کا گوشت غرباء و مساکین، ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے گا
قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے: نائب ناظم اعلیٰ جواد حامد
50 سے زائد انتظامی کمیٹیوں نے کام شروع کر دیا: خرم شہزاد

اجتماعی قربانی 2022

لاہور (28 جون 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جواد حامد نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے قربانی مہم 2022 کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت لاہور میں ملک میں 3 سو سے زائد مقامات پر ہزاروں چھوٹے بڑے جانور اللہ کی راہ میں قربان کئے جائیں گے۔ قربانی کا گوشت غرباء و مساکین، ضرورت مندوں اور یتیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ مستحقین و حصہ داران تک بروقت گوشت پہنچانے کیلئے رضاکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

صفائی نصف ایمان ہے، الائشوں کو کھلے عام پھینکنے سے گریز کیا جائے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مرکزی قربان گاہ لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی ہے۔ الائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے انٹرنیشنل سٹینڈر کو فالو کیا جائے گا۔ عید الاضحی پر قربانی سے بیک وقت حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، عید قربان کا اصل مقصد جذبہ ایثار و قربانی پیدا کرنا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔

اللہ تعالیٰ نے امیروں کو اپنے مال میں سے غریبوں کو دینے کا حکم دیا ہے، صاحب استطاعت پر فرض ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کرے، قربانی کر کے انسان اطاعت خداوندی بجالاتا ہے اور اللہ کے محبوب انبیاء کرام کی سنت پر بھی عمل پیرا ہوتا ہے۔ قربانی کرنے کے بعد جب گوشت غریبوں یتیموں اور مسکینوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تو اس میں صدقہ خیرات کا پہلو بھی کارفرما ہوتا ہے۔ گوشت رشتہ داروں، قرابت داروں میں تقسیم ہوتا ہے تو اس طرح رشتہ داروں کے حقوق کی پاسداری بھی ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی قربانی مہم 2022کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری قربانی مہم خرم شہزاد، ایوب انصاری، سعید اختر، سعید شاہ، مشتاق احمد، رانا عتیق، میاں زاہد جاوید و دیگر بھی موجود تھے۔

جواد حامد نے کہا کہ قربانی مہم کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو دی جا رہی ہے۔

سیکرٹری قربانی مہم خرم شہزاد نے کہا کہ 50 سے زائد انتظامی کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، عید الاضحی کے تینوں روز ڈاکٹرز، علما اور ماہر قصابوں کی ٹیم شرعی اصولوں کے مطابق صحت مند جانوروں کی قربانی کرے گی۔ قربانی کے جانوروں کی خریداری جاری ہے۔ منہاج ویلفیئر نے گائے کا حصہ 17 ہزار، دنبہ چھترا 27 ہزار اور بکرا 35ہزار مقرر کیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top