منہاج القرآن جھنگ کا ورکرز کنونشن
تحریک منہاج القرآن جھنگ کے زیراہتمام ورکرز کنونشن بسلسلہ ’’مصطفوی معاشرہ کا قیام‘‘ منعقد ہوا، جس میں ناظم اعلٰی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور اور نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے دعوتی طریقہ کار کی نئی حکمت عملی بارے شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’مصطفوی معاشرے کے قیام‘‘ کے لئے 25 ہزار مراکز علم قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے ہمیشہ وقت کی ضرورت و اہمیت کے مطابق اپنے دعوتی لائحہ عمل کو ترتیب دیا ہے۔ منہاج القرآن نے معاشرہ میں اخلاقی، معاشرتی، دینی و ملی اقدار کے احیاء کے لیے اور حفاظت کے لیے اپنے علمی و عملی پیغام کو معاشرے تک پہنچایا ہے۔ آج منہاج القرآن کا پیغام علم معاشرہ کے ہر فرد تک پہنچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ورکرز کنونشن کی صدارت صدر تحریک منہاج القرآن ضلع جھنگ رانا محمد ارشد خاں نے کی۔ اس موقع پر ناظم تحریک منہاج القرآن ضلع جھنگ چوہدری محمد اشرف نے استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے تمام معزز شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
ورکرز کنونشن میں مرکز سے قاضی فیض الاسلام، قاری ریاست علی چدھڑ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ