مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لیے قرآن کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا: خرم نواز گنڈاپور

قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کا حصول اور مطالعہ ہی راہ مستقیم ہے
ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا 10 روزہ قرآن ڈپلومہ کورس کے شرکاء سے خطاب
علامہ محمود مسعود، علامہ محمد سرفراز قادری، علامہ مہتاب اظہر، انار خان گوندل، اظہر محمود اعوان، ام حبیبہ اسماعیل کی شرکت

Diploma in Quran Studies by Minhaj ul Quran

لاہور (27 جولائی 2022) تحریک منہاج القرآن شعبہ کورسز کے زیراہتمام 10 روزہ ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لیے ہمیں قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا، قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کا حصول اور مطالعہ ہی راہ مستقیم ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات عام آدمی تک نہ پہنچنے کی وجہ سے فکری تنگ نظری، انتہا پسندی کو فروغ ملا۔ ہمیں قرآن مجید کے فہم کو درست انداز میں سمجھ کر عامۃ الناس تک پہنچانا ہوگا تاکہ ہمارا معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکے۔ اللہ رب العالمین ہمیں قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن شعبہ کورسز کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ شارٹ کورسزکے ذریعے لوگوں کو قرآن کریم کے احکامات اور تلاوت قرآن کریم کے آداب سے آگاہی دے رہے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل شعبہ کورسز کے کوآرڈینیٹر علامہ محمود مسعود قادری نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن شعبہ کورسزکے زیراہتمام پورا سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں تلاوت قرآن حکیم اور قرآنی تعلیمات کے فروغ کیلئے پروگرامز اور کورسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

تقریب میں ڈپلومہ مکمل کرنے والے تمام طلباء و طالبات کو سرٹیفیکیٹس اور ٹیچرز کو خصوصی شیلڈز دی گئیں۔ تقریب سے انار خان گوندل، اُم حبیبہ اسماعیل، رابعہ مظہر، راضیہ نوید، آصف مرزا، سردار نسیم انجم، علامہ اختر اعوان، علامہ اسماعیل ساقی، پروفیسر علامہ ارشد مصطفوی، مظہرالحق، راجہ کامران، احمد محی الدین و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top