ترقی کیلئے جدید تعلیم ضروری ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

زوال کو کمال میں بدلنے کیلئے قلم، کتاب اور تحقیق کا راستہ اختیار کرنا ہو گا
منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین امام حسین ؑ کانفرنس میں شرکت کیلئے یونان پہنچ گئے
ایتھنز ایئرپورٹ پر مقامی تنظیم، صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس نے پرتپاک استقبال کیا

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

لاہور (30 جولائی 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس میں شرکت اور خطاب کے لئے یونان پہنچ گئے ہیں۔ ایتھنز ایئرپورٹ پر ان کا مقامی، تنظیمی عہدیداروں، صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس نے پرتپاک استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پر چیئرمین سپریم کونسل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُمہ جدید رجحانات کے مخالف چل رہی ہے۔ ہمہ جہتی زوال کو کمال میں بدلنے کے لئے قلم، کتاب، تحقیق اور جدید تعلیم کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ ہم آج کل انہونیاں اور خلاف توقع جو ردعمل دیکھ رہے ہیں اس کا تعلق کسی سازش یا خفیہ بندوبست سے کم اور صاحبان اختیار کی طرف سے نقش کہن پر اڑے رہنے سے زیادہ ہے۔ ماڈرن ایج کے سیاسی، سماجی، معاشی، اخلاقی، مذہبی تقاضوں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے نوجوانوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ غصہ اور اشتعال بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم جو 18ویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے قابل نہیں تھا ہم اُسی نظام کے ساتھ 21ویں صدی میں ترقی و خوشحالی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ اللہ ایسی قوموں کی حالت نہیں بدلتا جو خود کو بدلنے کیلئے تیار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مغربی دنیا سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آئی ٹی اور طب کے شعبہ جات میں حیرت انگیز ایجادات کررہی ہے مگر ہمارا نظام تعلیم ڈھنگ کے الیکٹریشن، کارپینٹر اور ٹیکنیشن بھی پیدا کرنے کے قابل نہیں ہے۔ ہم جدید رجحانات و میلانات کے مخالف چل رہے ہیں۔ اُمہ کے باصلاحیت نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی تڑپ ہے مگر فرسودہ انتظامی و سماجی انفراسٹرکچر ان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دگرگوں معاشی حالات کی وجہ سے عدم برداشت اور بے یقینی بڑھ رہی ہے۔ اصلاح احوال کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دیتی ہیں۔ 1857ء کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کو ایسے ہی زوال کا سامنا تھا تو اس وقت سرسید احمد خان نے تعلیم کے فروغ کیلئے جدوجہد کا آغاز کر کے مایوسی کو امید نہیں تبدیل کیا تھا۔ ایسے ہی جذبے اور فکر کی آج بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ سرنگ کے دوسری طرف روشنی کی کرن دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے موجودہ حالات کے تناظر میں قوم کو مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لئے تعلیم کو اوڑھنا بچھونا بنانے کی فکر دی ہے۔ شیخ الاسلام نے مصطفوی معاشرہ کے خدوخال سنوانے کے لئے منہاج القرآن کے ذمہ داران اور کارکنان کو 25ہزار مراکز علم قائم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ یہ مراکز علم بکھری ہوئی مایوس قوم کو یکجا اور ایک دوسرے کا ہمدرد و غمگسار بنانے کے لئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top