ماہ محرم حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا محرم الحرام کی آمد پر خصوصی پیغام

Dr Tahir ul Qadri

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ماہ محرم نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی حق و صداقت کے لئے دی جانے والی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ نواسۂ رسولؑ نے ظلم و بربریت، شعائر دین کی خلاف ورزی اور یزیدی فاشزم کے خلاف صدائے حق بلند کی اور جبر و تشدد کے سامنے سر جھکانے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اسلام کے لئے جان کی قربانی دے کر انسانیت کو پیغام دیا کہ طاقت حق نہیں، حق طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں غرق یزید نے خانوادۂ رسول ﷺ کی بے حرمتی کی۔ وحدت ملی کو نقصان پہنچایا اور تاریخ میں گالی بن گیا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھی شہادت قبول کر کے بھی قیامت تک کے لئے زندہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسفۂ شہادتِ امام حسین علیہ السلام یہ ہے کہ جب بات غیرت دین اور شعائر اسلام کی ہو تو سر مت جھکاؤ اور ظالم کے سامنے سینہ سپر ہو جاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ حسنین کریمین سے والہانہ محبت کرتے تھے اور آپ ﷺ کا فرمان ہے کہ میں تم میں دو عظیم چیزیں چھوڑے جارہا ہوں، ان میں سے پہلی اللہ کی کتاب ہے، اسے مضبوطی سے تھامے رکھو، دوسرے میرے اہل بیت ہیں، پھر آپ ﷺ نے تین مرتبہ فرمایا میں تمہیں اپنے اہل بیت سے متعلق اللہ یاد دلاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یزید ملعون اور اس کے بدبخت ساتھیوں نے اس فرمانِ رسول ﷺ کی نفی کرتے ہوئے اہل بیت اطہار علیہم السلام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے اور قیامت تک کے لئے خود کو لعنت کا مستحق ٹھہرا لیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top