صوفیائے کرام کے مزار امن و بھائی چارے کے مراکز ہیں: علامہ امداد اللہ قادری
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ نے دکھی انسانیت کو امن، سکون کا
پیغام دیا
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار مبارک کے 979ویں غسل مبارک کے موقع پر پیغام
لاہور (8 اگست 2022ء) حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار مبارک کے 979 ویں غسل مبارک کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ صوفیائے کرام کے مزار امن و بھائی چارے کے مراکز ہیں جہاں بلا تفریق رنگ و نسل تمام لوگ روحانی فیض پاتے ہیں۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ نے دکھی انسانیت کو امن، سکون کا پیغام دیا۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ نے علم و معرفت کے جو چراغ جلائے حق کے متلاشی آج بھی ان سے روشنی پارہے ہیں۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ تصوف کے امام، محبت و اتحاد اور بین المذاہب رواداری کی علامت تھے۔
علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ صوفیائے کرام نے اپنے پاکیزہ کردار، باطن کی پاکیزگی اور انسانیت سے محبت کی بنیاد پر پوری دنیا میں دین اسلام کی شمعیں روشن کیں۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ نے دنیا کو علم، امن اور محبت کا پیغام دیا۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ تمام عمر لوگوں کو حق بات کی تلقین کرنے اور سچائی کے راستے کی طرف راہنمائی دینے میں گزری۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اللہ کریم کی مخلوق سے محبت کرتا ہے، مخلوق خدا کی خدمت کرتا ہے اللہ کریم اس کے ذکر کو بھی دوام بخش دیتا ہے۔
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کی شہرہ آفاق کتاب کشف المحجوب امن، سلامتی اور محبت کے پیغام سے لبریز ہے۔ امن اور انسانیت سے محبت کرنا سیکھنا ہو تو کشف المحجوب کا مطالعہ ضرور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کی درگاہوں پر وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔ اللہ کریم اپنے پیارے بندوں کے وسیلے سے کی جانے والی التجاؤں کو شرف قبولیت عطا کرتا ہے۔
تبصرہ