ہانگ کانگ: ’’محفل ذکر شہادت امام حسین علیہ السلام‘‘

مورخہ: 07 اگست 2022ء

فکر حسین کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام 7 اگست شبِ عاشور کے موقع پر منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ میں ’’محفل ذکر شہادت امام حسین علیہ السلام‘‘ منعقد کی گئی۔ جس میں ڈائریکٹر منہاج القرآن ہانگ کانگ علامہ حافظ محمد نسیم خان نقشبندی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں خالق کائنات نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی اہلبیت سے محبت اور مودت ہم پر واجب کی ہے۔ جب تک آل رسول ﷺ کی محبت نہ ہو تب تک کسی بندے کے دل میں ایمان داخل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے احادیث نبوی سے حوالہ جات دیتے ہوئے شان اہل بیت اطہار علیھم السلام بالخصوص شان سیدالشہدا امام حسین علیہ السلام بیان کر کے حاضرین محفل کے ایمان کو جلا بخشی۔

انہوں نے شرکائے محفل کو پیغامِ کربلا دیتے ہوئے کہا کہ پورے خانوادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی عظیم قربانی ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو ان پاک ہستیوں کی سیرت کے مطابق گزاریں، کبھی جھوٹ، دجل، فریب اور ظلم کے ساتھ سمجھوتہ نہ کریں۔ باطل کو مٹانے اور دین حق کی قدروں کی بحالی اور غلبہ کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا عزم ہمیشہ زندہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن راہ حق میں قافلہ حسینی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں سوۓ منزل رواں دواں ہے، اس کی منزل مصطفوی معاشرے کا قیام ہے جہاں ہر قسم کے ظلم، استحصال اور جبر کا خاتمہ ہو، اسلام کا بول بالا ہو اور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی تعلیمات سے ہر سینہ روشن ہو۔

اس سے پہلے محفل کا آغاز قاری محمد عثمان الترازی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ نعت شریف کی سعادت ثقلین ریاض، احمد رضا و احمد مصطفے اور عبدالرحمن نے حاصل کی۔ منقبت بحضور شہدائے کربلا قاری قدرت اللہ سلطانی اور علامہ سید تنویر حسین شاہ نے پیش کی۔ محفل میں نقابت کے فرائض علامہ حافظ ظہیر احمد خان نقشبندی اور علامہ طیب شمیم نے سرانجام دئیے۔

آخر میں سید تنویر حسین شاہ نے خصوصی دعا کی اور محفل کے اختتام پر حاضرین کی لنگر حسینی سے تواضع کی گئی۔ محفل میں ہانگ ہانگ بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

رپورٹ: چوہدری طاہر محمود

فکر حسین کانفرنس

فکر حسین کانفرنس

فکر حسین کانفرنس

فکر حسین کانفرنس

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top