دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے: سہیل احمد رضا

مورخہ: 11 اگست 2022ء

آئین پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے
11 اگست غیر مسلم رہنماؤں کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے
قومی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل

National Day of Minorities 2022 observed

لاہور (11 اگست 2022) 11 اگست نیشنل مینارٹی ڈے کے موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے تحت دیال سنگھ ریسرچ سنٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈسید حبیب الرحمان گیلانی نے کی۔ تقریب میں مسیحی رہنما ریورنڈ شاہد معراج ڈین کیتھڈرل چرچ آف پاکستان، پنڈت امرناتھ رندھاوا، سردار درشن سنگھ، سردار سنگھ کلیان اور ممبر بورڈ متروکہ وقف املاک و ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ دین اسلام اور پاکستان کا آئین و قانون اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ اقلیتوں کو پاکستان میں برابر کا شہری ہونے کے حقوق حاصل ہیں۔ 11 اگست قومی یوم اقلیت کے طور پر ہر سال حکومت پاکستان مناتی ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے 11 اگست 1947 کو قومی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب ہندو، مسیحی، سکھ، بہائی، پارسیوں کو مساوی طور پر آئین پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کے جان و مال کا تحفظ اور عبادت گاہوں کی حفاظت حکومت پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ حصول پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے لوگوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر دیوان بہادر ایس پی سنگھا مسیحی رہنما تھے انہوں نے کاسٹنگ ووٹ کے ذریعے پنجاب کو پاکستان میں شامل کرنے کی قرارداد پاس کی۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بھی اعلیٰ عدلیہ، دفاع، تعلیم، میڈیکل کے شعبوں میں غیر مسلموں نے خدمات انجام دیں اور دے رہے ہیں۔ 11 اگست دراصل غیرمسلم رہنماؤں کی قومی خدمات کے اعتراف اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ قومی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top