کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام جشن آزادی تقریب کا انعقاد
طلبہ اور اساتذہ نے پودے لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا
طلباء یوم آزادی کے دن کو یوم تشکر کے طور پر منائیں: پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
طلباء کے ہاتھوں میں ملی نغموں کی دھن پر لہراتے سبز ہلالی پرچموں نے تقریب کو چار
چاند لگا دیئے
لاہور (16 اگست 2022) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (منہاج یونیورسٹی) میں بزم منہاج کے زیراہتمام پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں منعقدہ تقریب میں طلبہ اور اساتذہ نے پودے لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بچے مستقبل کا سرمایہ ہیں۔ جشن آزادی کی تقریبات منانے کا مقصد بچوں کو پاکستان کے حصول کیلئے جدوجہد اور تحریک پاکستان کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ تقریب کا مقصد آگاہی دینا ہے کہ کس طرح ہمارے بزرگوں نے انتھک محنت کر کے اور جانی و مالی قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا۔ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ طلبہ نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ بر صغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کرنے پر پاکستان کے بانیوں کی دانشمندی اور دور اندیشی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ 14 اگست آزادی کے دن کو یوم تشکر کے طور پر منائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں طلبہ کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے کوشاں ہے۔ طلبہ کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے اپنی تقریر میں 14 اگست 1947 کے دن کی اہمیت واضح کی اور حب الوطنی کے جذبے کو پیدا کرنے پر زور دیا۔ تقریب میں موجود طلباء کے ہاتھوں میں ملی نغموں کی دھن پر لہراتے سبز ہلالی پرچموں نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
تقریب میں وائس پرنسپل ڈاکٹر مجیب الرحمن، نگران بزم منہاج صابر حسین نقشبندی، طلباء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیئے دعا کی گئی۔
تبصرہ